مسئلہ کشمیرپر اقوام متحدہ کا خصوصی نمائندہ مقررکیا جائے، سردارمسعود خان

نیویارک: صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے او آئی سی کے کشمیر رابطہ گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل مسئلہ کشمیرکے حل کیلیے اپنا خصوصی نمائندہ مقررکریں۔ بھارت مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستان اورکشمیری قیادت کے ساتھ بات چیت اور مقبوضہ وادی میں نافذ کالے قوانین منسوخ کرے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر پرُامن طور پر حل کرنے کے بجائے کشمیریوں اور پاکستان کو جنگ کی دھمکی دے رہا ہے۔ بین الاقوامی برادری بھارت کے جنگی جنون کا نوٹس لے۔

صدر ریاست کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور جنگی جرم ہے۔ بھارت کشمیر میں تعینات اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کے کام میں رکاوٹیں کھڑی کر رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ او آئی سی اقوام متحدہ کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرائے۔ بھارت اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کو مقبوضہ کشمیر کے دورے کی اجازت  دے۔

سردار مسعود خان کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیر کی حریت قیادت کو فوری طور پر جیلوں سے رہا کرے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کشمیریوں کے حق خودارادیت  کے حوالے سے قرار دادوں پر عمل درآمد کروائے۔ جبکہ کشمیر میں تعینات اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کی رپورٹس کو سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے ارکان تک پہنچانے کو یقینی بنایا جائے۔

Comments are closed.