تحریک انصاف کا سونامی دھیرکوٹ سے ٹکرا گیا،میجر لطیف خلیق بھی کھلاڑی بن گئے

میجر ریٹائرڈ لطیف خلیق نے جماعت اسلامی چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان اپنے سینکٹروں ساتھیوں سمیت اسلام آباد میں پی ٹی آئی آزادجموں و کشمیر کے مرکزی سیکریٹیریٹ میں منعقدہ شمولیتی تقریب میں کیا۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم اور تحریک انصاف کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف میں عوام جس بڑے پیمانے پر عوام شامل ہورہے ہیں وہ دیکھ کر مجھے یقین ہوچکا ہے کہ نون لیگ، پی پی پی اور مسلم کانفرنس کے امیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہوجائیں گی۔ آزادکشمیر کے شہری مسلم کانفرنس، پی پی پی اور نون لیگ کے دور کی کرپشن، بدانتظامی اور اقرابا پروری بھگت چکے ہیں۔ وہ دن گن رہے ہیں کہ کب سیسیلین مافیا کی آزادکشمیر برانچ سے ان کی جان چھوٹے گی۔ انہوں نے کہا کہ میجر لطیف خلیق ایک دیانت دار، عوامی خدمت کا شاندار ریکارڈ رکھنے والے اور مقبول عوامی رہنما ہیں۔ ان کی پارٹی میں شمولیت سے پی ٹی آئی نہ صرف مضبوط ہوگی بلکہ دیگر صاف ستھرے کردار کے مالک شخصیات بھی ہماری صفوں میں شامل ہوں گی۔

بیرسٹر سلطان نے کہا کہ وہ رابط عوام مہم کے حوالے سے لگ بھگ پورے آزادکشمیر کا دورہ کرچکے ہیں۔ ہر جگہ ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا عوام تحریک انصاف کی طرف دیکھ رہے ہیں اور بڑی تعداد میں لوگ جوق در جوق پی ٹی آئی میں شامل ہورہے ہیں۔ عوام کا پی ٹی آئی کی طرف جھکاؤ اور ملنے والی غیر معمولی پذیرائی اور الیکشن میں اپنی عبرت ناک شکست دیکھ کر مخالفین بوکھلا چکے ہیں۔ عوامی انتقام سے خائف ہوکر سیاسی مخالفین لغو اور جھوٹے پروپیگنڈے پر اترے آئے ہیں۔ تحریک انصاف کی لیڈرشپ کے حوالے سے غیر شائستہ زبان استمعال کی جارہی ہے ا ور ذاتی نوعیت کے حملے کیےجارہے ہیں جو کشمیری سیاسی روایات کے برعکس ہیں۔

میجر لطیف خلیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان جس طرح کئی دھائیوں تک کرپٹ مافیا کے خلاف سربکف رہے اور بالاخر انہیں سیاسی میدان میں مات دے کر ایک صاف ستھری حکومت قائم کی اس نے مجھے بہت متاثر کیا۔ میں تحریک انصاف کے ویژن اور تبدیلی سے متاثر ہوکر پارٹی کا حصہ بن رہاہوں۔ میرامشن ہے کہ عمران خان اور بیرسٹر سلطان کی قیادت میں آزادکشمیر میں کرپٹ اور خاندانی مافیا جو گزشتہ ستر برس سے عوام کا خون چوس رہاہے سے کشمیریوں کو نجات دلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے جس دلیری اور خلوص سے کشمیریوں کی وکالت کی اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ وہ چاہتے ہیں کہ آزادکشمیر کے پسماندہ علاقوں کے لیے تحریک انصاف خصوصی توجہ دے تاکہ وہاں کے لوگوں کو اٹھایا جاسکے۔ وہ تحریک انصاف میں غیر مشروط طور پر شامل ہوئے ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سیکرٹری مالیات ذوالفقار عباسی نے کہا کہ میجر لطیف خلیق اسی کی دہائی سے مزاحمتی سیاست کا استعارہ ہیں۔ انہوں نے دھیرکوٹ میں میرٹ اور انصاف کی بالادستی کے لیے چالیس برس تک جدوجہد کی۔ کئی مرتبہ مخالفین کے ہاتھوں زخمی ہوئے۔ ان کے بھائی اور بھتیجا نے سیاسی جدوجہد میں اپنی جانوں کی قربانی دی لیکن اس کے باوجود وہ اپنے موقف پر چٹان کی طرح ڈٹے رہے۔ ان کی سیاسی جدوجہد کی منطقی منزل تحریک انصاف ہی تھی۔

سیکرٹری اطلاعات ارشادمحمود نےمیجرلطیف خلیق کو پی ٹی آئی میں شمولیت پرخوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بہادر، سچ اور دیانت دار عوامی رہنما ہیں۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار بھی کیا کہ لطیف خلیق کی لیڈرشپ میں پی ٹی آئی قوم پر ستر برسوں سے مسلط سیاسی اشرافیہ جو جونکوں کی طرح عوام کا خون چوس رہی ہے اور دیمک کی طرح مادر وطن کی جڑیں کھوکھلی کر رہی ہے سے نجات حاصل کرے گی۔

ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات راجہ شجاعت نے کہا کہ حلقہ غربی باغ کی اپوزیشن کے دو اہم امیدوار آج تحریک انصاف کا حصہ بن چکے ہیں اس کا واضح مطلب ہے کہ عمران خان کا وژن ہر شخص تک پہنچ رہا ہے ۔ اب صرف ہمیں متحد ہو کر کوشش کرنی ہے تاکہ غربی باغ میں حقیقی تبدیلی لائی جا سکے

شمولیتی تقریب میں ڈپٹی سیکریٹری جنرل چوہدری مقبول احمد، راجہ آصف علی ایڈووکیٹ، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات راجہ شجاعت، پی آئی رہنما توصیف عباسی، ساجد جاوید عباسی،راجہ امتیازایڈووکیٹ، ظفر عباسی،راجہ ظفر اقبال، اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔جبکہ تقریب میں سابق مرکزی سیکریٹری اطلاعات سردار امتیاز خان سابق مشیر سردار شریف،سردار ماجد شریف،ساجد عباسی،قاضی اکرام، راجہ خرم، شاہد انور، ساجد چوھری، سردار نعیم، سردار تیمور، رضوان خالد اور دیگر بھی موجود تھے۔

Comments are closed.