مظفرآباد: صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان کا کہنا ہے کہ پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن اپنے دفاع سے غافل نہیں۔ پاکستان نے اپنادفاع کر کے اور بھارت کو امن کا پیغام بھیج کر دنیا میں امن پسند ہونے کا ثبوت دیا۔
صدر آزاد جموں و کشمیر لائن آف کنٹرول کا جائزہ لینے کے لیے چکوٹھی پہنچے جہاں پر ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج کے حکام نے انہیں بھارتی گولہ باری سے ہونے والے نقصانات پر بریفنگ دی۔
سردار مسعود خان کا کہنا تھا کہ چکوٹھی اور پانڈو آزاد کشمیر کی پہلی دفاعی لائن ہے پاک فوج اس علاقے کا بھرپور دفاع کر رہی ہے۔ لائن آف کنٹرول کے ساتھ رہنے والے شہریوں کے حوصلے بلند ہیں۔ عوام دشمن کی کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔بھارتی گولہ باری سے متاثر ہونے والوں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔
صدر آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ چکوٹھی اور پانڈو سیکٹر کے متاثرین کی آباد کاری کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے۔ لائن آف کنٹرول کے ساتھ بسنے والے تمام شہریوں کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مدد کی جائے گی۔
Comments are closed.