مقبوضہ کشمیر غیر انسانی لاک ڈاؤن و پابندیاں برقرار، زندگی 10 ماہ سے مسلسل قید

اسلام آباد: بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جاری غیرانسانی لاک ڈاون اور پابندیوں کو 10 ماہ مکمل ہو گئے۔

مقبوضہ جموں وکشمیر میں 5 اگست 2019 ء کو یک طرفہ غیرقانونی اقدام کے تحت بھارتی قابض افواج کی جانب سے جاری غیر  انسانی لاک ڈاون، فوجی محاصرے، کمیونیکیشن قدغن اور عائد کردہ غیرمعمولی پابندیوں کو آج 10 ماہ مکمل ہوگئے۔

گزشتہ 10 ماہ کے دوران بھارتی قابض فوج نے کشمیریوں کے ہر بنیادی حق کی خلاف ورزی کی ہے اور بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں اپنے غیرقانونی قبضے کو برقرار رکھنے کے لئے کشمیری عوام پر ظلم و جبر اور استبداد کا ہر ہتھکنڈہ استعمال کیا ہے۔

ایک ایسے وقت جب عالمی برادری کورونا عالمی وباء سے برسرپیکار ہے، بھارت مقبوضہ خطے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششوں میں مصروف عمل ہے اور نام نہاد دراندازی اور جعلی مقابلوں کے نام پر کشمیری نوجوانوں کو ماورائے عدالت شہیدکرنے کی سفاکانہ کارروائیوں میں تیزی لاچکا ہے۔

کشمیری عوام اور بھارت کے اندر مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں کے ساتھ بدترین سلوک اور ظلم واستحصال دہشت گرد آر،ایس، ایس کے زیر اثر حکمران بی۔جے۔پی کی انتہا پسند ہندتوا سوچ کا براہ راست نتیجہ ہے، جو انسانیت کے خلاف اپنے جرائم کے ارتکاب سے پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے۔

Comments are closed.