بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی جاری، مزید5 نوجوان شہید کر دیئےگئے

سری نگر: مقبوضہ جموں کشمیر میں نام نہاد تلاشی و محاصرہ کی کارروائیوں کے نام پر بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، جس میں مزید 5 کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا گیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ وادی کے ضلع شوپیاں میں زین پورہ کے علاقے میں بھارتی فوج نے داخلی و خارجی راستوں کو بند کرکے گھر گھر تلاشی کے نام پر چادر و چاردیواری کا تقدس پامال کیا،  اس دوران بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی گئیں۔

اس دوران قابض بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں فائرنگ کرکے  انتہائی سفاکانہ طریقے سے 5 نہتے کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا، اور شہداء کی لاشوں کو لواحقین کے حوالے نہیں کیا جس سے علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور اہل علاقہ نے مرکزی شاہراہ کو بند کرکے بھارتی فوج کے خلاف شدید احتجاج کیا، مظاہرین نے جدوجہد آزادی کشمیر کے حق میں نعرے بلند کیے۔

دوسری جانب بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کو دہشت گرد ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ تینوں نوجوان قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مشترکہ آپریشن کے دوران مقابلے میں مارے گئے تاہم اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے اس بھونڈے دعوے کو بے نقاب کردیا۔

واضح رہے کہ رواں ماہ مقبوضہ وادی کے اضلاع شوپیاں، پلوامہ، پونچھ اور راجوڑی میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کی تعداد 23 ہوگئی ہے۔

Comments are closed.