مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت، مزید 4 کشمیری قتل، الطاف بٹ کی مذمت

سری نگر/ اسلام آباد: مقبوضہ کشمیر میں دوہرے کرفیو کے دوران قابض بھارتی فوج کی بربریت جاری ہے، ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں مزید چار کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا۔

ساؤتھ ایشیئن وائر کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع  شوپیاں میں بدھ کو علی الصبح نام نہاد تلاشی و محاصرہ آپریشن کیا گیا، جس میں قابض بھارتی فوج کی 44 راشٹریہ رائفلز، سی آر پی ایف اور پولیس اہلکار شامل تھے۔  جنہوں نے علاقہ کو اپنے محاصرے میں لے کر تلاشی مہم شروع کردی۔اس دوران چار کشمیریوں کو گولیاں مار کر شہید کر دیا گیا۔

دوسری جانب سینئر حریت رہنما الطاف بٹ نے کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کے بڑھتے واقعات کی سخت مذمت  کی ہے ان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ وادی میں غاصب فورسز کشمیری نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ کر رہی ہے، کشمیریوں کےگھروں کوبارودی موادسے تباہ اوراملاک کونقصان پہنچایاجارہا ہے۔

الطاف بٹ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ انسانی حقوق کے علمبردار ادارے اپنی آنکھوں سےجانبداری کا پردہ ہٹائیں، اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور عالمی برادری مودی سرکار کے ریاستی جبر اور دہشت گردی کا نوٹس لیں۔

Comments are closed.