سری نگر: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی غیرمستقل رکنیت ملنے کے ساتھ ہی بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر ظلم و ستم بڑھا دیئے، ریاستی دہشت گردی میں مزید 6 کشمیری نوجوان شہید کر دیئے گئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے اضلاع پلوامہ اور شوپیاں میں ریاستی دہشت گردی کا بازار گرم کر رکھا ہے، درندہ صفت بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں 6 کشمیری نوجوانوں کو فائرنگ کرکے شہید کردیا۔
قابض فوج نے ضلع پلوامہ میں تلاشی و محاصرہ کارروائی کے نام پر مذہبی آزادی کے حق کو پامال کرتے ہوئے ایک مسجد کے تقدس کو بھی پامال کیا اور اندھا دھند فائرنگ کرکے 2 نہتے کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ اسی طرح ضلع شوپیاں کے علاقے باندی پورہ میں بھی سرچ آپریشن کے دوران 4 نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا۔
مودی سرکار نے مقبوضہ وادی میں نہتے اور معصوم کشمیریوں کیخلاف طاقت کا بھرپور استعمال شروع کردیا ہے، صرف دو روز قابض فورسز نے 8 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا۔ جب کہ آخری اطلاعات تک پلوامہ، کپواڑہ، بارہ مولا، بانڈی پورہ اور شوپیاں سمیت مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔
Comments are closed.