کشمیری نوجوانوں کو گھروں اورجیلوں سے اٹھا کرجعلی مقابلوں میں شہید کرنے کا انکشاف
کشمیری حریت قیادت کا بھارتی تسلط سے مکمل آزادی تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ
سرینگر: قابض بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں بربریت کے لئے نیا ہتھکنڈہ اپنا لیا ہے، بھارتی فورسز محاصروں اور تلاشی کے دوران گھروں سے اغواء اور پہلے سے اٹھائے گئے کشمیری نوجوانوں کو جیلوں سے نکال کر جعلی مقابلوں میں شہید کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ انکشاف جموں و کشمیر پیپلز فریڈم لیگ نے آج سرینگر میں کیا۔ پارٹی ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوجی اپنے گھناونے جرم کو چھپانے کے لئے شہداءکو فوج نگرانی میں نامعلوم مقامات پر دفن کررہے ہیں۔
انہوں نے ایک بے گناہ لڑکے محسن کی مثال پیش کی جسے بھارتی فوجیوں نے گھر سے اٹھایا تھا اور گزشتہ روز سرینگر کے علاقے جڈی بل میں شہید کردیاگیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف بھارتی جرائم کا نوٹس لے ۔
دریں اثناءسرینگر کے پی ایچ ڈی سکالرہلال احمد کے اہلخانہ نے بھارتی فوج کی غیر قانونی تحویل سے اس کی رہائی کے مطالبے کے لیے سرینگر میں پریس کلب کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ہلال احمد ایک ہفتہ قبل لاپتہ ہوگیا تھا جب وہ سیر کے لئے گاندربل گئے۔
بھارتی فوجیوں نے اسلام آباد اور مقبوضہ علاقے کے دیگر علاقوں میں محاصرے اورتلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں۔حریت رہنما سید فیض نقشبندی نے جموں و کشمیر کے بارے میں اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ کے وزارتی اجلاس سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے رکن ممالک سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو ہر ممکن فورم پراٹھائیں۔
کشمیر کے بارے میں یورپی پارلیمنٹ کے کل جماعتی پارلیمانی گروپ نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے برسلز میں ایک آن لائن اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس گروپ کے صدر پروفیسر کلاؤس بچنر نے تنازعہ کشمیر سے متعلق گروپ کی پارلیمانی اور سفارتی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے بلایا تھا۔
بھارتی تسلط سے آزادی تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ
دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماﺅں اور تنظیموں نے بھارتی تسلط سے مکمل آزادی تک جدوجہد آزادی کو ہرصورت میں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
کے ایم ایس کے مطابق حریت رہنماﺅں شبیر احمد ڈار ، عمرعادل ڈار ، محمد اقبال میر ، یاسمین راجہ ، فاروق احمد توحیدی اور دیویندر سنگھ نے اپنے الگ الگ بیانات میں سرینگر میں شہید کیے جانے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ بھارتی فوجیوں نے سرینگر میں تلاشی کے دوران قتل و غارت کے علاوہ گھروں میں لوٹ مارکی اور املاک کو تباہ کیا۔
چند حریت رہنماسرینگر میں شہدا کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کے لئے ان کے گھر بھی گئے۔حریت رہنماوں نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور عالمی برادری کی طرف سے کشمیری عوام سے وعدہ کیا گیاہے کہ ان کو حق خودارادیت کے ذریعے اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
دریں اثناءتحریک استقلال کے وائس چیئرمین مشتاق احمد بٹ نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی کے لئے دی گئی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا، حق خود ارادیت کے مطالبے پر مظلوم کشمیریوں کا لہو بہایا جارہا ہے۔جموں وکشمیر پیپلز لیگ کے نائب صدر اعجاز رحمانی نے بھی ایک بیان میں شہدا ءکو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
Comments are closed.