مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت کےجنرل سیکرٹری سمیت 12کشمیری گرفتار

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں معصوم شہریوں کی خلاف قانون گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے، قابض بھارتی فوج نے تحریک حریت جموں وکشمیر کے جنرل سیکرٹری امیر حمزہ سمیت بارہ سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کرلیاہے۔

 کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی پولیس نے امیرحمزہ کو سرینگر کے علاقے لال بازار سے چھاپے کے دوران گرفتارکیا۔ یاد رہے کہ بھارتی پولیس تحریک حر یت کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی سمیت پارٹی کے کئی رہنماؤں اورکارکنوں کو پہلے ہی حراست میں لیکر مختلف جیلوں میں منتقل کر چکی ہے۔

بھارتی فوجیوں اور پویس اہلکاروں نے پلوامہ،شوپیاں، اسلام آباد،کپواڑہ، بارہمولہ اور بانڈی پورہ اضلاع کے مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کارروائیوں کے دوران ایک معمر شخص سمیت بارہ سے زائد افراد گرفتارکرلیے۔گرفتار کئے گئے کشمیریوں میں دو نوجوان ساحل فاروق میر اور غلام حسن بھی شامل ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس نے پلوامہ کے علاقے چکورہ کے رہائشی سہیل فاروق کو ایک مجاہد تنظیم کا کارکن قرار دیتے ہوئے اونتی پورہ سے گرفتارکیاہے۔آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں فوجی کارروائی جاری تھی۔

خیال رہے کہ بھارتی فوج اور پولیس اہلکار کشمیری نوجوانوں کی جاری تحریک آزادی کے ساتھ انکی وابستگی پر انہیں انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ فورسز اہلکار کشمیری نوجوانوںکوجھوٹے الزامات پر گرفتارکرنے کے بعد انہیںتحریک آزادی ترک کرنے پر مجبور کر تے ہیں ۔

Comments are closed.