مقبوضہ کشمیر میں فوجی محاصرے کے16 ماہ مکمل، 291 کشمیری شہید،14 ہزار گرفتار

سری نگر: بھارت کے غیرقانونی طورپر زیرقبضہ جموں وکشمیر میں فسطائی مودی سرکار کی طرف سے گزشتہ برس 5 اگست کو مسلط کیے جانے والے فوجی محاصرے کو 16 ماہ مکمل ہو گئے، اس دوران غاصب بھارتی فوج نے 291 معصوم کشمیریوں کو شہید کردیا۔14 ہزار سے زائد گرفتاریاں، 94 خواتین کی بے حرمتی اور 976 مکانات و عمارتیں تباہ کی گئیں۔

مقبوضہ وادی میں پانچ اگست 2019 کو نافذ کیے گئے ظالمانہ فوجی محاصرے کی وجہ سے کشمیریوں کی زندگیاں اجیرن بن چکی ہیں۔ علاقے میں آج بھارتی فوجی محاصرے کے ایک سال چار ماہ مکمل ہونے پر کشمیر میڈیاسروس نے ایک خصوصی رپورٹ جاری کی ہے۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ بھارتی فوجیوں نے اس عرصے کے دوران 7خواتین سمیت 291 کشمیری شہید کیے، زیادہ تر کشمیریوں کو محاصرے اور تلاشی کی نام نہاد کارروائیوں کے دوران جعلی مقابلوں میں گولیاں مار کر ماورائے عدالت قتل کیا گیا، بیشتر نوجوانوں کو گھروں سے اٹھانے کے بعد ان پر مجاہد ہونے یا مجاہدین کے کارندے ہونے کابے بنیاد الزام عائد کر کے شہید کیا گیا۔

گزشتہ سولہ ماہ کے دوران ہونے والی 291کشمیریوں کی شہادتوں کے نتیجے میں 16 خواتین بیوہ جب کہ 36بچے یتیم ہو گئے۔ اس عرصے کے دوران بھارتی فوجیوں کی طرف سے پر امن کشمیری مظاہرین کو گولیوں، پیلٹ چھروں اور آنسو گیس کا نشانہ بنائے جانے سمیت طاقت کے وحشیانہ استعمال کے نتیجے میں 1ہزار5سو 77افراد شدید زخمی ہو گئے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ گزشتہ ایک سال اور چار ماہ کے عرصے میں کم از کم 14 ہزار219 افراد کو گرفتارکیا گیا جن میں سے ہزاروں پر کالے قوانین لاگو کیے گئے۔ قابض بھارتی فوجیوں نے اس عرصے کے دوران 976مکانات اور دیگر عمارتین تباہ کیں جبکہ 94کشمیری خواتین کی بے حرمتی کی۔

Comments are closed.