راولاکوٹ: پولیس نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات حسین کوٹ کے علاقہ منجاڑی کے قبرستان سے قبریں کھودنے میں مصروف مجسٹریٹ میونسپل کارپوریشن راولا کوٹ اور پولیس اہلکاروں کو دیگر ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا۔
مجسٹریٹ میونسپل کارپوریشن راولا کوٹ سردار عمران خان ممبر کشمیر کونسل سردار خالق وصی کے برادر نسبتی بھی ہیں جب کہ دیگر ملزمان میں ایس ایچ او کوٹلی چوہدری مہربان سمیت نصف درجن سے زائد ملزمان شامل ہیں۔
مقامی افراد نے پولیس کو اطلاع دی کہ قبرستان میں بعض افراد قبریں کھودنے میں مصروف ہیں، اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی سٹی اور ایس ایچ او سٹی سردار اکمل شریف پولیس ٹیم کے ہمراہ موقع پہنچے اور ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان کے خلاف تھانہ سٹی راولاکوٹ میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے
ملزمان کے قبضے سے نقشہ جات اور قبریں کھودنے کے لیے استعمال ہونے والے آلات برآمد ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد میں سے بعض کا تعلق پشاور سے ہے۔ جنہوں نے کافی عرصہ تک ریکی کرنے کے بعد سہنسہ اور راولا کوٹ ضلعی انتظامیہ و پولیس اہلکاروں کو اپنے ساتھ شامل کیا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان کا گمان تھا کہ تقسیم ہند سے قبل قدیم قبرستان میں قیمتی مورتیاں چھپائی گئی، مورتیوں کی تلاش کےلیے ملزمان نے جدید آلات اور ڈرل مشینوں کا استعمال کیا۔ ملزمان قیمتی مورتیاں نکال کر اسمگل کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔
Comments are closed.