مقبوضہ کشمیر میں 9 روز سے کرفیو، خوراک و ادویات ناپید، وادی جیل میں تبدیل

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی حکومت کی جانب سے جبر و استبداد کی نئی داستانیں رقم کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 9 روز سے جاری کرفیو نے مقبوضہ وادی کو جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔ خوراک اور ادویات کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی حکومت کے خلاف شدید احتجاج کے خوف سے مسلسل 9 ویں روز بھی کرفیو برقرار ہے اور مواصلات کا نظام مکمل طور پر معطل جب کہ انٹرنیٹ اور ٹیلی فون سروس بند ہے۔ مسلسل9 روز سے جاری کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث مقبوضہ وادی میں اشیائے خور و نوش ناپید جبکہ ادویات اور دیگر ضروریات زندگی کی بھی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔

عید الاضحیٰ کے موقع پر بھی مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ رہا جس کے باعث کشمیری مسلمانوں کی اکثریت عید کی نماز اور سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کرنے سے محروم رہی۔

بھارتی حکومت نے 5 اگست کو ایک صدارتی حکمنامے کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی تھی جس کے بعد سے ہی وادی میں کرفیو نافذ ہے۔ تمام تر پابندیوں کے باوجود جذبہ آزادی سے سرشار کشمیری گھروں سے باہر نکل رہے ہیں اور قابض بھارتی فوج کی گولیوں کا نشانہ بن رہے ہیں۔

Comments are closed.