مسلح افواج اور قوم ملکی دفاع کیلئے تیار،کشمیریوں کےساتھ ہے، سردارمسعود خان

مظفرآباد: صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ قوم کا بچہ بچہ اور بہادر مسلح افواج دفاع وطن کے لیے ہمہ تن تیار اور کشمیری عوام کی تاریخ ساز اور دلیرانہ جدوجہد کے ساتھ کھڑے ہیں۔آزادی کشمیریوں کا حق ہے اور دنیا کی کوئی طاقت اُنہیں اس حق سے محروم نہیں کر سکتی۔

صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے نیلم اسٹیڈیم مظفرآباد میں یوم دفاع، شہداء اور یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار مسعود خان نے کہا کہ ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے جانیں قربان کرنے والے شہدا قومی ہیروز ہیں۔ آج کا دن یوم دفاع و شہدا اور یکجہتی کشمیر کا دن ہے جس میں ہم مقبوضہ کشمیر میں آزادی و حریت کا نیا باب تخلیق کرنے والے شہداء اور پاکستان کی تکمیل کی جنگ لڑنے والے حریت پسند عوام اور قائدین کو اُن کی لا زوال جدوجہد پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اُنہیں اس بات پر فخر ہے کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے سینکڑوں جوانوں اور آفیسران نے پاکستان کے دفاع اور سلامتی کے لیے قربانیاں دیں ہیں۔یہ ایک تاریخی حقیقت ہے کہ پاکستان نے بھی جموں و کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں نہ صرف سفارتی کوششیں کیں بلکہ 1947 سے اب تک بھارت کے خلاف چھ جنگیں بھی لڑیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے 1965 میں پاکستان کو للکارا تھا جس کے جواب میں پاکستانی قوم نے اتحاد و یکجہتی کا بے مثال مظاہرہ کرتے ہوے ملک کی بہادر افواج کے ساتھ مل کر دندان شکن جواب دیا تھا۔ آج بھی ہمیں دشمن کی طرف سے چیلنج کا سامنا ہے جس کا جواب مثالی قومی اتحاد اور یکجہتی سے ہی دیا جا سکتا ہے۔

صدرسردار مسعود خان نے کہا کہ اس سال فروری میں بھارت نے پاکستان کی سالمیت کے خلاف ایک اور حملہ کیا تھا جسے ملک کی بہادر افواج نے پسپا کر دیا اور اب مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو اُن کی شناخت، مذہبی روایات، سکونت، ملازمت اور تعلیم جیسے حقوق چھیننے کے لیے بھارت نو لاکھ فوج کے ساتھ حملہ آور ہواہے۔ بھارت کا یہ منصوبہ ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کر کے اُنہیں اُن کے حق خود ارادیت سے محروم کر دے لیکن مقبوضہ کشمیر، آزاد کشمیر اور پاکستان کے عوام اور حکومت نے یہ تہیہ کیا ہے کہ بھارت کی اس چال کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدامات کو سلامتی کونسل میں اُٹھایا اور اُمید ہے کہ اقوام متحدہ اس معاملہ پر ضرور کوئی قدم اُٹھائے گا۔ عالمی میڈیا اور انسانی ح قوق کے بین الاقوامی ادارے بھارت کے مظالم اور کشمیریوں کی مزاحمت کو بھرپور انداز میں اُجاگر کر رہے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل آفیسر کمانڈنگ مری میجر جنرل عامر احسن نواز نے کہا کہ آج کا دن تجدید عہد کا دن ہے ہمیں یہ عہد کرنا ہو گا کہ عزت، آزادی اور وقار کے ساتھ زندہ رہنے کے لیے قوم کا کوئی فرد کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔

جی او سی نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بزدلانہ کارروائیوں کا آج بھی پوری جرات اور بہادری سے مردانہ وار مقابلہ کر رہے ہیں جنہیں ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ جی او سی نے مذید کہا کہ آزاد کشمیر محب وطن شہریوں کا   ایک پر امن علاقہ ہے جہاں کے لوگوں نے دہشتگردانہ کارروائیوں سے دور رہ کر اس خطے کو ہمیشہ امن کا گہوراہ بنائے رکھا۔

پاک فوج کے کمانڈر نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے عظیم حریت پسند عوام کو اُن کی بے مثال جدوجہد آزادی پر سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ہماری رگوں میں دوڑتے ہوئے خون کی مانند ہے اور  ہمارا یہ عقیدہ ہے کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔ قبل ازیں صدر آزاد کشمیر اور جنرل آفیسر کمانڈنگ بارہ ڈویژن میجر جنرل عامر احسن نے یاد گار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہدا کی بلندی درجات کے لیے دعا بھی کی جبکہ پاک فوج کے ایک دستہ نے اس موقع پر سلامی بھی پیش کی۔

Comments are closed.