سری نگر: مقبوضہ جموں و کشمیر میں 34 روز سے مسلسل کرفیو اور بدترین پابندیوں کے نفاذ برقرارہے۔ غاصب بھارتی فوج نے مذہبی آزادی پر قدغن لگاتے ہوئے محرم الحرام کے جلوسوں پر بھی پابندی عائد کردی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں جہاں گزشتہ روز مسلسل پانچویں ہفتے بڑی اور اہم مساجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی روک دی گئی وہیں محرم الحرام کے روایتی جلوسوں پر بھی پابندیاں عائد کردی گئیں جبکہ خوف زدہ بھارتی حکومت نے وادی میں مزید فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
پانچ اگست کے غاصبانہ اقدام کے بعد مودی سرکاری کی جانب سے مقبوضہ وادی میں نافذ کیا گیا کرفیو مسلسل 34 روز سے جاری ہے، مواصلاتی نظام منقطع، ذرائع آمدو رفت معطل اور کاروبار بند ہیں۔ جس کے باعث کشمیریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔ مقبوضہ کشمیر غذائی بحران اور ادویات کی قلت سے انسانی المیہ جنم لے رہا ہے۔
سخت ترین پابندیوں کے باوجود بہادر کشمیری موقع ملتے ہی سڑکوں پر نکل آتے ہیں اور جذبہ آزادی سے سرشار ہو کر بزدل مودی سرکار کے خلاف نعرے بازی کرتے ہیں، قابض بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار نہتے مظاہرین کو پیلٹ گنز، گولیوں اور آنسو گیس شیلنگ کا نشانہ بناتے ہیں اور زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی میں رکاوٹیں ڈالتے ہیں۔
Comments are closed.