مقبوضہ کشمیر کے دو ٹکڑے کرنے کا بھارتی فیصلہ قابل مذمت ہے، راجا فاروق حیدر

اسلام آباد: وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کے دوٹکڑے کرنے جارہا ہے، مودی پر واضح کر دینا چاہتے ہیں دونوں جانب بسنے والےکشمیریوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، کشمیری قوم بھارتی آئین کو مانتی ہے ناں ہی اس کی شق 370 کو تسلیم کرتے ہیں۔

وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجا فاروق حیدر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہندوستان ،لداخ کو الگ کرنے کے ممکنہ اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ بھارت چاہتا ہے آزادکشمیر کے لوگوں کو وہاں ہونے والے ظلم سے علیحدہ کیا جائے لیکن مودی سرکار پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ کشمیری قوم بھارت کے آئین کو مانتی ہے ناں ہی اس کی شق 370 کو تسلیم کرتے ہیں۔

راجا فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں غاصب بھارتی فوج کے مظالم میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے، جبری پابندیوں اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ جاری ہے۔ 10 سے 35 سال تک کی عمر کے 14 ہزارکشمیری نوجوانوں کو بھارتی جیلوں میں قید کرکے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت نے لائن آف کنٹرول پر بھی جنگ چھیڑ رکھی ہے، لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کررہی ہے۔آزادکشمیر کی سیاسی قیادت بھارت کی جارحیت کے خلاف متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان پر آبی جنگ مسلط کرنا چاہتا ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور تمام باہمی معاہدوں کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو رہا ہے، مودی اقوام متحدہ کی قراردادوں کو رد کرسکتا ہے تو ورلڈ بنک کی کیا حیثیت ہے۔

راجا فاروق حیدر نے میرپور کے الیکشن میں حمایت پر پیپلز پارٹی کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور بیرسٹر سلطان محمود کو بھی دعوت دی کہ وہ اس موقع پر قومی اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے حق میں دستبردار ہو جائیں اور ایل او سی کے پار قوم اتحاد و یگانگت کا ٹھوس پیغام پہنچائیں۔

Comments are closed.