بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی، مزید 2 کشمیری طالب علم شہید کر دیئے گئے

سری نگر: مقبوضہ وادی میں قابض بھارتی فوج معصوم کشمیریوں کے خون کی ہولی کھیلنے میں مصروف ہے، مقبوضہ وادی میں ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں فائرنگ کرکے دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا گیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع بانڈی پور کے علاقے لادورہ کے داخلی اور خارجی راستے بند کرکے نام نہاد تلاشی و محاصرہ آپریشن کیا گیا، غاصب فوج کے اہلکار علاقے میں چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کرتے رہے جب کہ ریاستی دہشت گردی میں 2 نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔

علاقہ مکینوں نے قابض بھارتی فوج کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ دونوں شہید ہونے والے نوجوان مسلح تھے، اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ دونوں نوجوان طالب علم تھے جو قتل کے وقت بالکل نہتے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز یوم ولادت حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پر نور موقع پر بھی قابض بھارتی فوج نے برسوں سے ہونے والا درگاہ حضرت بل میں عید میلادالنبیؐ کا سالانہ اجتماع منعقد کرنے سے روک دیا تھا۔

مود سرکار نے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد سے تاحال وادی میں کرفیو نافذ کر رکھا ہے اور قابض بھارتی فوج کی جانب سے بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اور معصوم شہریوں کو بہیمانہ تشدد کے ساتھ ساتھ قتل کیے جانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

Comments are closed.