او آئی سی کشمیرکے معاملے پر ناکام، پاکستان احتجاجاً رکنیت معطل کرائے، رضاربانی

اسلام آباد: سینیٹ اجلاس کے دوران میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے کردار ادا نہیں کر سکی۔ پاکستان کو چاہیے کہ وہ احتجاجاً اپنی او آئی سی کی رکنیت معطل کرا دے۔

چیئرمین صادق سنجرانی کی زیرصدارت سینیٹ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پربحث آج دوسرے روز بھی جاری رہی ۔ پیپلزپارٹی کے سینیٹر میاں رضا ربانی نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی ہورہی ہے، تاریخ کا طویل ترین کرفیو ہے۔

انہوں نے  کہا کہ ہم عالمی دنیا اور مسلم امہ کو کشمیر میں بھارت کے مظالم کے حوالے سے اپنے حق میں نہیں کرسکے،او آئی سی مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے ۔ اگر او آئی سی اپنا کردار ادا نہیں کرتا تو پاکستان احتجاجا اپنی او آئی سی کی رکنیت معطل کرادے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ کشمیر ہمارے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے ۔ صرف بازوئوں پر کالی پٹی باندھ کر آپ کشمیر کو آزاد نہیں کراسکتے۔  وزیراعظم سیاسی اختلافات سے بالاتر تمام سیاسی قیادت کو کشمیر پر اکٹھا کریں کیونکہ ہمارے مسائل کا حل قومی وحدت میں ہے۔

تحریک انصاف کے سینیٹر شہزاد وسیم نے کہا وزیراعظم عمران نے اقوام متحدہ میں مودی کو بھرپور جواب دیا، یہ تاریخی تقریر تھی ۔ کشمیر کے مسلہ کو آج دوبارہ بین الاقوامی حثیت حاصل ہوچکی ہے، سینیٹ کا اجلاس کل دوپہر تین بجے دوبارہ ہوگا جس پر مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بحث کو سمیٹا جائے گا۔

Comments are closed.