سری نگر: جنت نظیر وادی کشمیر کو بھارت نے جہنم میں تبدیل کر کے رکھ دیا ہے، مسلسل کرفیو اور لاک ڈاؤن کا آج 106 واں روز ہے۔ جبری پابندیوں اور سخت موسم کے باعث نظام زندگی مفلوج ہو گیا ہے۔
مسلسل پابندیوں کے باعث وادی بھر میں خوراک، ادویات کی قلت شدت اختیار کر گئی ہے، اس پر شدید برف باری اور سخت سردی نے کشمیریوں کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں سکول، کالجز اور کاروباری مراکز بند ہیں۔ دنیا کی سب سے بڑی جیل میں قید کشمیری عالمی برادری کی بے حسی پر نوحہ کناں ہیں۔
مقبوضہ وادی کے باسی، مسلسل قید وبند کی مشکلات سہنے پر مجبور ہیں، بھارتی فورسز نے بارہ مولا اور سوپور میں چھاپے مار کر متعدد نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ سری نگر سمیت تمام بڑے شہروں میں جگہ جگہ بھارتی فوجی تعینات ہے جبکہ دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر اور تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔
موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ معطل ہونے کی وجہ سے کشمیریوں کا ساری دنیا سے رابطہ منقطع ہے۔
Comments are closed.