’’کشمیریوں کی نسل کشی کامنصوبہ، بھارت نےہتھیارپہنچانا شروع کردیئے ہیں‘‘

پاکستان کشمیر کے حوالےسے مضبوط پالیسی بنائے، مودی کو نہ روکا گیا تو اس کا اگلا ہدف آزاد کشمیر ہوگا، مشعال ملک

اسلام آباد: حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کے قتل عام کا بڑا منصوبہ بنا رکھا ہے، دہشت گرد مودی حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر میں بڑے پیمانے پر مہلک اور بھاری ہتھیار پہنچا رہی ہے۔ بھارت کو نہ روکا گیا تو اس کا اگلا ہدف آزاد کشمیر ہوگا۔

مشعال ملک نے اسلام آباد میں ایک نجی اسکول میں کشمیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ظلم کی انتہا کردی، کشمیری عوام تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہی ہیں، مقبوضہ وادی میں کرفیو کو چار مہینے ہونے کو ہیں، کشمیر میں ایمبولینس تک کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

حریت رہنما کی اہلیہ نے کہا کہ پاکستان کو بطور قوم کشمیر کے لۓ ایک آواز ہونا ہے،اس کے لئے حکومت اور اپوزیشن کو ایک پیج پر آنا ہوگا تا کہ کشمیر کے حوالے سے ایک مضبوط پالیسی بنائی جائے، انہوں نے کہا کہ حریت قیادت پر بے بنیاد مقدمات بنا کر انہیں جیلوں میں قید اور گھروں میں نظر بند کر دیا گیا ہے،کشمیری نوجوانوں کو مزید متحرک کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

مشعال ملک نے کہا کہ بی جے پی کی دہشت گرد حکومت کشمیریوں کی نسل کشی کے لئے مقبوضہ وادی میں بڑے پیمانے پر مہلک اور بھاری ہتھیار پہنچا رہی ہے، نریندر مودی کے کشمیر کے حوالے سے مذموم عزائم کو بین الاقوامی سطح پر بے نقاب کرنا ہوگا، بھارت کا ہاتھ نہ روکا گیا تو اس کا اگلا ہدف آزاد کشمیر ہوگا۔

قبل ازیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کےخلاف کل جماعتی حریت کانفرنس نے اسلام آبادمیں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے۔جن پر مقبوضہ وادی میں ظلم وستم کےخلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے اقوام متحدہ اور عالمی  برادری سے اپنا کردارادا کرنے کا مطالبہ کیا۔

اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں 4 ماہ کا وقت ہو چکا ہے۔ قتل وغارت جاری ہے۔10 لاکھ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کو میدان جنگ بنا رکھا ہے۔مقبوضہ وادی میں مظالم پرانسانی حقوق کی تنظیموں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیر میں بڑے قتل عام کا منصوبہ بنا چکا ہے،اقوام متحدہ بھارتی بربریت رکوانے کے لیے مداخلت کرے،بھارتی فوج نے مظالم کی انتہا کر دی ہے،جموں کشمیر میں انسانیت دم توڑ رہی ہے،انسانی حقوق کی تنظیمیں سنگین صورت حال پر کشمیری عوام کا  ساتھ دیں۔

Comments are closed.