اسلام آباد: وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کشمیر پر کوئی ابہام یا کمزوری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
قومی اسمبلی میں اظہارِخیال کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کشمیر کے معاملے پر کوئی ابہام نہیں اور اس پر کمزوری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، یہ مسئلہ آج کا نہیں 72 سالہ مسئلہ ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت وقت نے اپوزیشن کی مشاورت سے اس مسئلے کو جتنا اجاگر کیا ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں، دنیا بھی حکومتی کوششوں کے معترف ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے کشمیر کے معاملے کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا اور 70 ممالک کے حکمرانوں سے رابطے کئے، آج دنیا کے ایوانوں میں بحثیں ہورہی ہیں، وزیراعظم عمران خان نے جنرل اسمبلی میں اس مسئلے پر کھل کربات کی، کشمیر پرجاری صورتحال سے پارلیمنٹ کو آگاہ رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ایوان کی قائمہ کمیٹیوں، پارلیمانی کشمیر کمیٹی کو بھی آگاہ رکھا جارہا ہے، اپوزیشن کو دعوت عام ہے کہ آئیے کشمیر پر اپنی آراء دیجئے ہم ان آراء کو سنیں گے بھی اور ان پر عمل بھی کریں گے، اپوزیشن ہماری کاوشوں کو کم کرنے کی کوشش نہ کرے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ آج بھارت نواز کشمیری رہنما بھی بھارتی مؤقف کی حمایت نہیں کر رہا، خود بھارتی اپوزیشن بھی حکومتی اقدامات کے سخت خلاف ہیں، کشمیر کا مسئلہ خود ہندوستانی حکمرانوں کے اقدامات کی وجہ سے بھی اجاگر ہوا، 50 برس بعد کشمیر کے مسئلے پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلایا گیا، ہندوستان نے اس اجلاس کو روکنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی۔
Comments are closed.