سری نگر/ اسلام آباد: انسانی حقوق کے عالمی دن کو دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے یوم سیاہ کے طور پر منایا جب کہ مقبوضہ کشمیر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال رہی۔
دنیا بھر میں آج انسانی حقوق کا عالمی دن منایا گیا، بھارتی جارحیت کے شکار مظلوم کشمیریوں اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر منایا، اس مناسبت سے دنیا بھر میں عالمی قوتوں کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کرانے کے لیے اجتماعات منعقد کیے گئے، بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں اور سیاہ پرچم لہرائے گئے۔
مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے عالمی دن کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہوئے وادی میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال ک گئی۔ کاروباری سرگرمیاں اور معمولات زندگی معطل رہا۔ چپے چپے پر تعینات بھارتی فوج سے بے خوف کشمیریوں نے احتجاجی اجتماعات منعقد کیے اور مودی سرکار کی جارحیت کیخلاف شدید نعرے بازی کی اور عوامی مقامات پر سیاہ پرچم لہرائے گئے۔
کُل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے اپنے ایک بیان میں دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں سے انسانی حقوق کے عالمی دن کو یومِ سیاہ کے طور پر منانے کی اپیل کی تھی جب کہ غیور کشمیریوں کو اس دن مکمل ہڑتال کرنے اور سیاہ پرچم لہرانے کی ہدایت کی تھی۔ کشمیری مظاہرین کشمیر بنے گا پاکستان کے واشگاف نعرے لگائے۔
کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کے مطابق جنگی جنون میں مبتلا بھارت نے 1989 سے لے کر اب تک 95 ہزار 471 کشمیریوں کو شہید کیا، 7 ہزار 135 ماورائے عدالت قتل ہوئے جب کہ 11 ہزار 175 خواتین کی بے حرمتی اور ایک لاکھ 94 ہزار 451 املاک کو تباہ کیا۔
انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر کشمیریوں پر مظالم اور مقبوضہ وادی میں بھارت کے غاصبانہ اقدامات کے خلاف اسلام آباد میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی قیادت حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کی۔
اسلام آباد کے سیکٹر جی الیون سے شروع ہونے والی احتجاجی ریلی جناح ایونیو سے ہوتی ہوئی ڈی چوک پہنچی جہاں انہیں دفتر خارجہ اور بھارتی ہائی کمیشن کی جانب مارچ کرنے سے روک دیا گیا۔ اس موقع پر حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے ریلی کےشرکا سے خطاب کیا۔
مشعال حسین ملک کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر کی تمام حدیں پار کر لی ہیں، حریت کو غیرقانونی طور پر جیلوں میں قید یا گھروں میں نظر بند کر دیا گیا ہے، کشمیری نوجوانوں کو چن چن کر قتل کیا جا رہا ہے جب کہ خواتین سے جنسی زیادتی کو ہتھیار بنا لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا عالمی برادری، انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیمیں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل مقبوضہ کشمیر میں جاری ظالمانہ لاک ڈاؤن، محاصرہ ختم کرائیں، اس کے ساتھ ساتھ قید حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی رہائی کے لئے بھارت پر دباؤ ڈالا جائے۔
Comments are closed.