عالمی ضمیر جاگے نہ جاگے،کشمیریوں کو بھارت سے لڑ کرآزادی لینا ہوگی، مشعال ملک

اسلام آباد: حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہےکہ بھارتی مظالم کے باوجود ہر دن گزرنے کے ساتھ نوجوانوں کےدلوں میں آزادی کا جذبہ بڑھ رہا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غاصبانہ فوجی محاصرہ 139 ویں روز بھی جاری ہے، حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی تسلط سے نجات کا سورج طلوع ہونے کو ہے، ہر دن گزرنے کے ساتھ نوجوانوں کےدلوں میں آزادی کا جذبہ بڑھ رہا ہے، عالمی ضمیر جاگے نہ جاگے، ہمیں بھارت سے لڑ کر ہی آزادی لینا ہو گی۔

ان کا کہنا ہےکہ دنیا کے منصف سو جائیں تو پھر اللہ کی لاٹھی چلتی ہے، کشمیری قوم کو اللہ پاک کی ذات پر مکمل یقین ہے، کشمیری مایوس نہیں، آزادی لے کر ہی رہیں گے۔ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ شدید برفباری، مسلسل جاری لاک ڈاؤن اور اس پر بھارتی فوج کے انسانیت سوز مظالم نے نہتے کشمیریوں کا جینا دو بھر کر دیا ہے۔

Comments are closed.