کشمیر پر سلامتی کونسل سے انصاف کی توقع نہیں،ہمیں خود کچھ کرنا ہوگا، سردارمسعود

اسلام آباد: صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان کا کہنا ہے کہ تنازعہ کشمیر پر اقوام متحدہ یا سلامتی کونسل سے انصاف کی توقع نہیں، کشمیریوں کو اپنے حق کیلئے خود کچھ کرنا ہوگا۔

جماعت اسلامی کے زیر اہتمام کشمیر مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ وہ کشمیری عوام کی طرف سے جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ کشمیر کا جھنڈا بلند کیا۔

سردار مسعود خان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیلی ویژن کی سکرینز سے  کشمیر غائب ہوتا جارہا ہے، پاکستان سمیت پوری دنیا کو یاد دہانی کرا رہے ہیں کہ کشمیر مسئلہ پس پشت نہیں ڈالا جا سکتا، کشمیر کا سودا کیے جانے کی بات ہو رہی ہے لیکن پاکستان کے عوام کسی صورت سودے بازی نہیں کرنے دیں گے۔

اس موقع پر صدر ریاست نے پاکستان کے حکومتی حلقوں سے شکوہ بھی کیا اور کہا ہے کہ نریندرا مودی کی حکومت کے خلاف پورا بھارات سراپا احتجاج ہے، دنیا کی رائے عامہ کشمیریوں اور پاکستان کے ساتھ کھڑی ہیں آپ کیوں کھڑے نہیں ہوتے، کس قیامت کا انتظار کر رہے ہیں؟

سردار مسعود خان کا کہنا تھا کہ معصوم اور نہتے کشمیریوں پر مظالم رکوانے اور تنازعہ کشمیر کے حل کے معاملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے انصاف کی کوئی توقع نہیں، اس لئے ہمیں خود کچھ کرنا ہو گا، کشمیر میں ایک لاکھ سے زائد معصوم کشمیری شہید ہو چکے ہیں، شہداء کے خون کا حساب لے کر رہیں گے۔

صدر آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ پاک فوج کے ساتھ پاکستان کے نوجوانوں نےمل کر جنگ لڑنی ہے، کشمیر پر حملہ پاکستان پر حملہ ہے، کشمیری پاکستان کی بقا کی جنگ لڑرہے ہیں اغیار کے ساتھ ساتھ ہماری صفوں غدار گھس چکے ہیں انہیں اپنی صفوں سے نکالنا ہو گا۔

Comments are closed.