مقبوضہ کشمیر میں 150 روز سے مسلسل لاک ڈاؤن، حملے میں 2 بھارتی فوجی ہلاک

مانیٹرنگ ڈیسک

سری نگر: مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی حکومت کے لاک ڈاؤن کو 150 دن مکمل ہوگئے اور نئے سال کے پہلے روز بھی کارروائیاں جاری رہیں جب کہ ضلع راجوری میں ایک حملے میں بھارتی فوج کے 2 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

بھارتی فوجیوں پر حملہ ضلع راجوری میں نوشہرہ کے علاقے کھاری تھریٹ میں محاصرے اورتلاشی کے دوران ہوا۔بھارتی فوجیوں کی جانب سے کارروائی کی جارہی تھی کہ اسی دوران حملہ ہوا اور 2 فوجی موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ آخری اطلاعات تک بھارتی فوجی علاقے میں کارروائی میں مصروف تھے۔

خیال رہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے اور نئے سال کے پہلے روز لاک ڈاؤن کو 150 دن مکمل ہوگئے جس کے حوالے سے کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما بلال صدیقی نے سری نگر میں ایک انٹرویو میں کہا کہ بھارت کشمیریوں کی تہذیبی، ثقافتی اور مذہبی شناخت پر ڈاکا ڈالنے پر تلا ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر کوئلیشن آف سول سوسائٹی نے بھارت کا ظالمانہ چہرہ بے نقاب کردیا ہے۔

5اگست کو آرٹیکل 370کی منسوخی کے باعث مقبوضہ علاقے میں مسلسل فوجی محاصرہ، کرفیو اور پابندیاں جاری رہیں اور مسلسل دفعہ 144کے نفاذ سے عوام کے بنیادی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہورہی ہے۔ جموں وکشمیر کوئلیشن آف سول سوسائٹی نے کہا کہ 2019 میں قابض انتظامیہ کی طرف سے ذرائع ابلاغ کو مسلسل ہراساں کیا جاتا رہا اور کئی صحافیوں کو تشددکا نشانہ بنایاگیا۔

Comments are closed.