پارلیمنٹ چاہے تو آزاد کشمیر لینے کیلئے فوج کارروائی کرے گی، بھارتی آرمی چیف

نئی دہلی: بھارت کے آرمی چیف جنرل منوج موکنڈ نراوانے کی جانب سے بھی گیدڑ بھبھکیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارتی فوج کے سربراہ نے کہا ہے کہ اگر ان کی پارلیمنٹ چاہے تو فوجی کارروائی کے ذریعے آزاد کشمیر بھی حاصل کر سکتے ہیں۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے نئے بھارتی آرمی چیف جنرل منوج موکنڈ نے کہا کہ کشمیر بھارت کا حصہ ہے اور پارلیمنٹ میں پہلے سے قرارداد موجود ہے اور اگر پارلیمنٹ چاہے اور ہمیں اس قسم کا کوئی حکم ملے تو آزاد کشمیر لینے کے لیے فوج کارروائی کرے گی۔

بھارتی آرمی چیف نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہر شخص نے بہترین کام کیا چاہے وہ لائن آف کنٹرول پر تعینات ہو یا پھر عام شہری علاقوں کو کنٹرول کرنا ہو۔مجھے فوجی اہلکاروں سے کسی قسم کی کوئی شکایت نہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور مظالم پر بھارتی فوجیوں کے خلاف درج مقدمات کے حوالے سے جنرل منوج موکنڈ کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف جو بھی شکایات درج ہوئیں ان میں کچھ بھی ثابت نہیں ہوسکا جب کہ ہمیں عوام کی مکمل حمایت حاصل ہے اور ہم مقامی پولیس اور انتظامیہ کے بھی شکرگزار ہیں”۔

بھارتی آرمی چیف نے کہا کہ انہیں مغربی سرحدوں سے زیادہ خطرات لاحق ہیں، سیاچن ہمارے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ یہ خطہ ہمارے لیے بہت اہم ہے۔

Comments are closed.