تحریک آزادی کشمیر کومتاثر کیے بغیرگلگت بلتستان کوجائز حقوق دیئے جائیں، مسعود خان

اسلام آباد: صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان کا کہنا ہے کہ کشمیری گلگت بلتستان کے عوام کو جسم و جان کا حصہ سمجھتے ہیں، مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری حق خود ارادیت کی تحریک کو متاثر کیے بغیرگلگت بلتستان کے عوام کو وہ تمام حقوق دیئے جائیں جن کا وہ مطالبہ کر رہے ہیں۔

صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان سے گلگت بلتستان قانون ساز کونسل کے ایک اعلیٰ سطح  کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی، وفد کی قیادت کونسل کی قائمہ کمیٹی کے سربراہ اشرف صدا کر رہے تھے۔ ملاقات میں اُن سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال کے علاوہ گلگت بلتستان کے عوام کے سیاسی، معاشی، ثقافتی اور سماجی حقوق کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

صدرآزاد کشمیر نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو ہم جسم و جان کا حصہ سمجھتے ہیں اور اُن کے دکھ درد کو اپنا دکھ درد سمجھتے ہیں۔آزاد کشمیر کے عوام اور حکومت کا یہ دیرینہ موقف ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری حق خود ارادیت کی تحریک کو متاثر کیے بغیر گلگت بلتستان کے عوام کو وہ تمام حقوق دیئے جائیں جن کا وہ مطالبہ کر رہے ہیں۔

صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ اُنہیں اپنے دورہ گلگت بلتستان کے دوران یہ جان کربے حد مسرت ہوئی کہ گلگت بلتستان کے عوام مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی تحریک حق خود ارادیت کے ساتھ گہری دلی وابستگی رکھتے ہیں اور وہ اس سلسلہ میں ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔

صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کی حکومت چاہتی ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام خوشحال ہوں اور وہاں کے نوجوان تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھیں۔ اس مقصد کے لیے گلگت بلتستان کے طلباء کے لیے آزاد کشمیر کی جامعات کے دروازے کھول دیئے ہیں اور اس سلسلہ میں ہم مذید اقدامات بھی کریں گے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفد کے سربراہ اور گلگت بلتستان کے رکن اشرف صدا نے صدر آزاد کشمیر کا اُن کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صدر سردار مسعود خان کی ذاتی دلچسپی سے گلگت بلتستان کے طلباء کے لیے آزاد کشمیر کے تعلیمی اداروں میں جو مراحات دی گئیں ہیں اُن کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

Comments are closed.