کشمیرزندگی موت کا مسئلہ،دفاع کے ذمہ دار کشمیریوں کو اعتماد میں لیں،راجا فاروق حیدر

اسلام آباد: وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر راجا فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ کشمیری کربلا والوں کی طرح مظلوم ہیں، مسلمان اُس وقت بھی تماشا دیکھ رہے تھے اور آج بھی یہی حال ہے۔ مسئلہ کشمیر ہمارے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔

کشمیر جرنلسٹس فورم کی منتخب باڈی کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہاکہ خطے کے حالات کا تقاضاہے کہ اپنی فوجی قوت میں اضافہ کیا جائے۔ مودی جنگ کی دھمکیاں دے رہا ہے،میری تجویز ہے کہ قوم کو اعتماد میں لے کر لوگوں سے پوچھا جائے کہ کشمیر پر ہمیں کیا کرنا چاہیے۔

وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ دفاع کے ذمہ داروں نے اپنی تیاری کی ہو گی مگرکشمیری قیادت اور عوام کو بھی بتایا جائے ،سیاسی فیصلے اندرون خانہ نہیں کئے جاتے۔مسلہ کشمیر پراگر ہم نے کوتاہی کی تو اللہ تعالیٰ ہمیں معاف نہیں کرے گا،کشمیری بھارت کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہیں ۔

 راجا فاروق حیدرنے کہاکہ مودی نے دونوں ملکوں کے درمیاں دو طرفہ معاہدوں کو توڑا، وقت آ گیا ہے کہ ہندوستان کو روکا جائے ۔ ہمیں بھی 5 اگست کے بعد کچھ اقدامات کرنے چاہیے تھے۔وزیر ا عظم آزادکشمیر نے کہاکہ ملک کو اسوقت سیاسی ہم آہنگی کی ضرورت ہے اور ہمیں بھارت کے خلاف جارحانہ انداز میں آگے بڑھنا ہوگا۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجا فاروق حیدر نے کہا کہ اس ملک میں احتساب صرف سیاستدانوں کیلئے ہے، ایک دوسرے کو ذلیل کر کے کچھ حاصل نہیں ہو گا، ایک دوسرے کی پگڑیاں اچھالنے سے گریز کرنا ہو گا۔

وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ صحافیوں کوقلم کی حرمت کا پاس رکھنا چاہیے۔صحافیوں کا کام خبر سے علاوہ اصلاح معاشرہ بھی ہے، آپ کی رپورٹنگ غیرجانبدار اور حقائق پر مبنی ہونی چاہیے۔ ہم نے کوشش کی ہے کہ ریاست میں صحافیوں کی فلاح وبہبود یقینی بنائی جائے۔  آزاد صحافت سے حکومت کو فائدہ ہوتا ہے جبکہ سچ کو دبانے سے سازشی تھیوریاں شروع ہوجاتی ہیں اور میں جواب دئیے کے بغیر رہ نہیں سکتا۔

تقریب سے کشمیر جرنلسٹس فورم کے صدر زاہد اکبر عباسی، سیکرٹری جنرل عقیل انجم ، صدرنیشنل پریس کلب اسلام آباد شکیل قرار، صحافی رہنما افضل نے خطاب کیا جبکہ ریاستی اخبارات کے چیف ایڈیٹرز، ایڈیٹرز اورکشمیر جرنلسٹس فورم کے ممبران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

صدر زاہد اکبر عباسی نے وزیر اعظم آزادکشمیرکو کشمیری صحافیوں کے مسائل اور فورم کی جانب سے ان کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم راجا فاروق حیدر نے حکومت آزادکشمیر کی جانب سے کشمیر جرنلسٹس فورم ویکٹم اینڈ ویلفئیر فنڈ کے لیے 30 لاکھ روپے کا بھی اعلان کیا۔

Comments are closed.