بھارتی فوج کی ایل او سی پرفائرنگ سےشہری شہید،جوابی کارروائی میں دشمن کی چوکی تباہ

راولپنڈی/ مظفرآباد: بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر ایک بار پھر فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی، بھارتی فورسز کی فائرنگ کے باعث ایک شہری شہید ہو گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی کے چری کوٹ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی، بھارتی فوج نے جان بوجھ کر بھاری توپ خانے اور مارٹر گولوں سے سول آبادی کو نشانہ بنایا، جس کے باعث ایک شہری میر محمد شہید ہو گیا جبکہ ایک خاتون زخمی ہوئی جسے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کا تعلق ایل او سی چری کوٹ سیکٹر کے ککوٹا گاؤں سے ہے۔ بھارتی فوج کی فائرنگ کے بعد پاک فوج نے بروقت اور موثر جواب دیتے ہوئے اشتعال انگیزی کرنے والی بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔

دوسری طرف وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر ے کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کی سخت الفاظ میں مذمت جب کہ شہید کشمیری شہری میرمحمد کو خراج عقیدت پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فائرنگ سے زخمی خاتون کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج ایل او سی کے قریب سکولوں اور مراکز صحت کو نشانہ بنا رہی ہے۔کشمیری بھارت کی بزدلانہ حرکتوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں، بھارتی چوکی کو اڑانے والے پاک فوج کے جوان خراج تحسین کے مستحق ہیں، کنٹرول لائن کے علاقوں میں انتظامیہ الرٹ رہے۔

Comments are closed.