کشمیری عوام آزادی اورحق خودارادیت کی جدوجہد ترک نہیں کریں گے، مسعودخان

کوالالمپور:آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت فوجی طاقت کے ذریعے کشمیر کو فتح کرنا چاہتا ہے جس کے لئے اس نے کشمیریوں کو تختہ مشق بنا رکھا ہے۔لیکن جموں و کشمیر کے عوام آزادی اور حق خودارایت کی جدو جہد کبھی ترک نہیں کریں گے۔

یونیورسٹی آف کوالالمپور کے سٹی کیمپس میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر نے تقریب کے شرکاء کو بتایا کہ کشمیر کے آزادحصہ میں عوام آزادی کی فضا میں زندگی گزار رہے ہیں جہاں انھیں تمام بنیادی حقوق حاصل ہیں جبکہ مقبوضہ حصہ میں غیر ملکی قبضہ ہے اور لوگ غلامی و جبر کی بیڑیوں میں جھکڑے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 1947میں بڑی تعداد میں کشمیریوں کا قتل عام دوسری جنگ عظیم کے بعدسب سے بڑی نسل کشی تھی۔ گذشتہ سال 5اگست کے بعد اس علاقے پر بھارت نے ایک بار پھر حملہ کر کے پہلے ریاست کو دو حصوں میں تقسیم کیا اوراب اس کو اپنی کالونی میں بدل دیا ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کو قتل اور زندگی بھر کے لئے معذور کیا جا رہا ہے اور یہ سب کچھ انھیں اپنا پیدائشی حق حق خودارادیت مانگنے کے جرم میں کیا جا رہا ہے۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ طلبہ کا فرض ہے کہ آپ دنیا کو بولنے پر مجبور کریں اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم اور مجبور انسانوں کا ساتھ دینے کے لئے کھڑے ہوجائیں۔ بھارت نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ انسانوں کو اپنے ظلم و جبر کا شکار بنائے ہوئے ہے بلکہ وہ آزادکشمیرپر قبضہ کرنے اور پاکستان کے خلاف جنگ کے شعلے بھڑکانے کی دھمکیاں بھی دے رہا ہے۔

سردار مسعود خان نے کہا کہ ہندو توا کے نظریہ کو ایک بڑا خطرہ  ہے، انتہا پسندی کا یہ نظریہ گذشتہ صدی کے نازی اور فاشسٹ حکمرانوں کی یاد بھی دلاتا ہے۔کشمیری عوام اور پاکستان تصادم نہیں بلکہ ہم امن، سلامتی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ بی جے پی اور آر ایس ایس جیسی تنظیموں کا قلع قمع نہ کیا گیا تو کشمیر میں ویسا ہی قتل عام ہو گا جیسے گذشتہ صدی میں جرمنی کے ہٹلر اور اٹلی کے مسولینی کے ہاتھوں ہوا تھا۔

سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت کے ساتھ دو طرفہ مذاکرات ہمیشہ ناکام اور لاحاصل مشق رہی ہے کیونکہ بھارت نے مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لئے کبھی سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ بھارت نے کشمیریوں کو مسئلہ کشمیر کے فریق کے طور پر کبھی مذاکرات کی میز پر قبول نہیں کیا۔

انھوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام آزادی اور حق خودارایت کی جدو جہد کبھی ترک کریں گے نہ ہی آزادکشمیر اور پاکستان کے عوام کشمیریوں کی سیاسی و سفارتی حمایت چھوڑیں گے۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت کشمیریوں کو بچانا ہماری سب سے پہلی ترجیح ہے۔

Comments are closed.