جموں کشمیرپیپلزپارٹی کاچیف جسٹس سپریم کورٹ آزاد کشمیر کیخلاف احتجاج کا اعلان

اسلام آباد: جموں کشمیر پیپلزپارٹی نے آئین ومیرٹ کے خلاف پانچ ججزکی تعیناتی پر چیف جسٹس سپریم کورٹ آزاد کشمیرکے خلاف یکم مارچ کو احتجاجی مظاہرے کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔

جموں کشمیر پیپلز پارٹی کی جانب سے موقف ہے کہ آزاد کشمیر کی عدالت عظمیٰ میں 2018ء میں پانچ ججزکی تعیناتیاں آئین کوسبوتاژ کر کے میرٹ کا قتل عام کرکے کی گئیں۔ جس کے خلاف سردار خالدابراہیم خان نے اسمبلی فلور پر بھرپورطریقہ سے آواز بلند کی۔

چیف جسٹس سپریم کورٹ آزادکشمیرنے سردار خالد ابراہیم خان کو غیر آئینی توہین عدالت کے نوٹسز جاری کئے سردارخالدابراہیم خان کی رحلت کے بعد جموں کشمیر پیپلزپارٹی نے آئینی راستہ اختیار کرتے ہوئے، وزیراعظم پاکستان کے پاس چیف جسٹس سپریم کورٹ آزادکشمیرکے خلاف ایک ریفرنس دائرکیا لیکن تاحال اس ریفرنس کاکوئی مثبت جواب نہ آسکا۔

اسی پس منظراورحالات کومدنظررکھتے ہوئے جموں کشمیرپیپلزپارٹی نے چیف جسٹس سپریم کورٹ آزادکشمیرکے خلاف احتجاج کاحتمی فیصلہ کرلیاہے۔ یکم مارچ دن گیارہ بجے بمقام نیشنل پریس کلب اسلام آبادکے سامنے بھرپوراحتجاج کیاجائے گا۔

جموں کشمیرپیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سردار نوید حیات خان کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ عدالت العالیہ میں آئین ومیرٹ کے خلاف پانچ ججزکی تعیناتی درحقیقت آزادکشمیرکے عدالتی نظام اورانصاف کی فراہمی پرایک سیاہ دھبہ ہے اورعام آدمی کوانصاف کی فراہمی ممکن نظرنہیں آتی۔اگران خرافات کوآج روکانہ گیاتوآنے والی نسلیں انصاف کوترسیں گی۔

ان کاکہنا ہے کہ جموں کشمیرپیپلزپارٹی نے احتجاج کی راہ اختیارکرتے ہوئے عملی اقدام اعلان کردیاہے آزادکشمیرکی تمام اصول پسندانصاف پسند قوتوں سے اپیل ہے کہ وہ انصاف ومیرٹ آئین کی بالادستی کے لئے اس احتجاج میں بھرپورشرکت کریں۔

جموں کشمیرپیپلزپارٹی کی قیادت کی جانب سے جموں کشمیر پیپلزپارٹی کے تمام عہدیداران وکارکنان جموں کشمیرپیپلزیوتھ کونسل،طلبہ ونگ،جموں کشمیر پیپلز سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کوہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ یکم مارچ کواس ہونے والے احتجاج کے سلسلہ میں رابطہ مہم ہنگامی بنیادوں پرتیزکریں اور بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں۔

جموں کشمیرپیپلزپارٹی کاماضی اس بات کا غمازہے کہ جموں کشمیرپیپلزپارٹی نے سردار خالدابراہیم خان کی قیادت میں میرٹ،انصاف،آئین کی بالادستی کے لئے ایک تاریخ سازجنگ لڑی ہے اورآزادکشمیرکے عدالتی نظام کوکالی بھیڑوں اورخرافات سے پاک کرنے کے لئے بڑی سے بڑی قربانی دریغ نہیں دیاجائے گا۔

Comments are closed.