اسلام آباد: صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر اور بھارت کے اندر بگڑتی صورتحال سے توجہ ہٹانے کےلیے پاکستان کو جنگ کی دھمکیاں دے رہا ہے، مودی سرکار کا جنگی جنون خود بھارت کی تباہی کا باعث بنےگا، لیکن اسے پاکستان کے خلاف کسی طرح کے جنگی اقدامات سے پہلے ہزار بار سوچنا پڑے گا۔
جموں کشمیر سالویشن موومنٹ کی جانب سے تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی کے اعزاز میں اسلام آباد میں استقبالیہ دیا گیا، جس سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ جس جذبے اور منظم انداز سے راجہ فہیم کیانی اور ان کی تنظیم برطانیہ سمیت عالمی فورمز پر کشمیر کا مقدمہ لڑ رہے ہیں اور بھارت مخالف بڑے احتجاجی مظاہرے کیے وہ قابل ستائش ہیں۔
سردار مسعود خان نے کہا کہ مودی کے انتہا پسندانہ اقدامات کے خلاف عوامی احتجاج نے شدت اختیار کرلی جسے دبانے کے لئے بھارتی حکومت طاقت کا وحشیانہ استعمال کرنے لگی ہے، جب کہ عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کیلئے بھارت کو جنگ کی دھمکیاں اور ایل او سی پر شرانگیزیوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نہتے کشمیریوں کو شکست نہیں دے سکی وہ پاکستان کی بہادر اور شیر دل افواج کا کیا مقابلہ کرے گی، بھارت نے پاکستان کے خلاف کسی طرح کی مہم جوئی یا جارحیت کی کوشش کی تو اسے عبرتناک انجام کا سامنا کرنا پڑے گا۔ آزاد کشمیر کو فتح کرنے کیلئے آنے والے بھارتی فوجیوں کیلئے کشمیر قبرستان بنا دیا جائے گا۔
صدر ریاست نے تحریک آزادی کشمیر اور بھارتی مظالم بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے حوالے سے سینئر حریت رہنما اور جموں کشمیر سالویشن موومنٹ کے سربراہ الطاف بٹ کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ الطاف بٹ جب بولتے ہیں تو سننے والے مبہوت ہوجاتے ہیں، ان کی بات سیدھا دل کو لگتی ہے۔
سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت تحریک آزادی کشمیر کو دبانے کے لیے مقبوضہ وادی میں ظلم وجبر کی انتہا کرچکا ہے، لیکن اس کی ہر مذموم سازش، کوشش الٹی پڑی ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے دورہ بھارت کے دوران پاکستان کا بار بار تذکرہ کر کے مودی سرکار ایک نیا زخم دیا ہے۔
اس موقع پر سنیئرحریت راہنما الطاف احمدبٹ نے کہا کہ راجہ فہیم کیانی بیرونی دنیا خاص کر برطانیہ میں کشمیریوں کا مقدمہ دن رات سفارتی اور ابلاغی محاذ پر فعال انداز میں لڑ رہے ہیں، کشمیری آزادی کے حصول تک اپنی جدوجہد ہرحال میں جاری رکھیں گے انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کےلیے کشمیریوں کی خواہشات کی روشنی میں اپنا کردار ادا کرے۔
الطاف احمد بٹ نے کہا کہ کشمیری محکوم ضرور ہیں لیکن مظلوم نہیں بلکہ ایک بہادر قوم ہیں، جو بہادری سے قابض فوج کے مقابل کھڑے ہیں اس وقت تحریک میں ایک ہی فالٹ لائن ہے اور وہ اجتماعی کے بجائے انفرادی کوششیں ہیں، علی گیلسنی،مسرت عالم ،آسیہ اندرابی،ظفر اکبر بٹ یاسمین راجہ، شبیر شاہ،یاسین ملک یہ سب اپنے اپنے طور تحریک کشمیر کیلئے قربانیاں دے رہے اور ظلم کے خلاف لڑ رہے لیکن سب کو متحد ہوکر آزادی کے لئے کام کرنا ہوگا۔
تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے کہا کہ ہم عالمی سطح پہ تحریک آزادی کشمیر کو حقیقی معنوں میں اجاگر نہیں کرسکے، جس دن ہم نے چار پانچ لاکھ کشمیریوں کو دو تین دن تک لندن، میلان، گلاسکو میں بٹھایا اس دن دنیا کو کشمیر کی تحریک اور اسکی سنگین صورتحال کا احساس ہوگا۔ لیکن اس کیلئے کشمیریوں اور پاکستانیوں کو متحد ہو کر باہر نکلنا ہوگا۔
تقریب سے جماعت اسلامی آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر چئیرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی، سکاٹ لینڈ محمود احمد شریف، امیرجمیعیت علمائے اسلام (آزاد کشمیر) مولانا سعید یوسف، جماعت اسلامی کے نائب امیر راجہ جہانگیر خان، حریت کانفرنس کے راہنما پرویز احمد ایڈووکیٹ ، عبدالمجید ملک، پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے سیکرٹری اطلاعات ارشاد احمد سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
Comments are closed.