فوجی لاک ڈاؤن کے دوران نامعلوم افراد کے ہاتھوں 2 کشمیریوں کی ٹارگٹ کلنگ

سری نگر: مقبوضہ جموں و کشمیر میں لاک ڈاؤن کے باوجود نامعلوم غنڈوں نے معصوم کشمیری شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ شروع کر دی ہے، ترال اور مہاراج گنج کے علاقوں میں دو افراد قتل کر دیئے گئے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں ضلع پلوامہ کے علاقے ترال میں نامعلوم مسلح افراد نے شہری شبیر احمد بٹ پر حملہ آور ہوئے اور انہیں شدید زخمی کر کے فرار ہو گئے جنہیں مقامی افراد نے فوری طور پر اسپتال پہنچایا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔

دوسرا واقعہ سری نگر کے علاقے مہاراج گنج میں پیش آیا جہاں بھارتی فوج کی سخت سیکورٹی کے باوجود نامعلوم افراد نے دستی بم کے ذریعے ایک شہری کو نشانہ بنایا جسے طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

غاصب بھارتی فوج نے دونوں واقعات کو بہانا بنا کر مختلف علاقوں کا محاصرہ کر کے گھر گھر تلاشی شروع کر دی ہے، جس میں ایک بار پھر کشمیری نوجوانوں کو ہراساں کیا جا رہا بلکہ چادر و چاردیواری کا تقدس پامال کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جدید اسلحہ و جنگی آلات سے لیس 9 لاکھ سے زائد بھارتی فوج کی موجودگی میں شہریوں کو نشانہ بنا کر قتل کیے جانے کے واقعات نے مقامی قیادت کے ان خدشات کو تقویت دی ہے جن کے مطابق بھارتی فوج آر ایس ایس کے غنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کا قتل عام کروانا چاہتی ہے۔

Comments are closed.