کورونا وائرس مقبوضہ کشمیر پہنچ گیا، وائرس سےمتاثرہ پہلے مریض کی تصدیق

سری نگر: ہلاکت خیز کورونا وائرس مقبوضہ جموں و کشمیر بھی پہنچ گیا جہاں پر خطرناک وائرس سے متاثرہ پہلے مریض کی تصدیق ہوگئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس کے پہلے مریض کی تصدیق ہوگئی ہے، جسے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔قبل ازیں مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس کے دو مشتبہ مریضوں کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے یہ دونوں افراد حال ہی میں ایران اور جنوبی کوریا سے واپس مقبوضہ کشمیر لوٹے تھے، ایران اور جنوبی کوریا چین کے بعد کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ممالک ہیں جہاں کثیر مریض ہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس کے پہلے مریض کی تصدیق کے بعد احتیاطی تدابیر کے طور پر تمام اسکولوں کو 31 مارچ تک کے لیے بند کر دیا گیا ہے جب کہ عوامی اجتماعات پر پابندی پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 3 ہزار 500 ہے جن میں چین سے باہر اب تک 414 ہلاکتیں ہوئی ہیں اور 20 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔

Comments are closed.