سری نگر: مقبوضہ جموں و کشمیر میں غاصب بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے، قابض بھارتی فوج نے نام نہاد تلاشی سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے 2 نہتے کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض فوج کی جانب سے جنت نظیر وادی کے ضلع شوپیاں کے داخلی و خارجی راستوں کو بند کرکے گھر گھر تلاشی کا عمل شروع کیا گیا، اس دوران مریضوں کو لینے آنے والی ایمبولینسوں کو بھی علاقے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی اور چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔
سرچ آپریشن کے دوران قابض بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو کشمیری نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا اور نوجوانوں کو دہشت گرد ثابت کرنے کی ناکام کوشش کی تاہم حقائق زیادہ دیر چھپ نہیں پائے اور علاقہ مکینوں نے جعلی مقابلے کا بھانڈہ پھوڑ دیا۔
خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر کو دو حصوں میں تقسیم کرکے وفاق کے زیر انتظام علاقہ بنانے کے بعد سے پوری وادی کو قید خانے میں تبدیل کردیاگیا جہاں بنیادی انسانی حقوق کی سنگین پامالی کی جارہی ہے جس کیخلاف عالمی قوتوں نے بھی مودی سرکار کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے لیکن بھارتی حکومت اپنی روایتی ہٹ دھرمی پر قائم ہے۔
Comments are closed.