راولاکوٹ: جموں کشمیر پیپلزپارٹی نے 16 مارچ کو دارالحکومت مظفرآباد میں آئین و میرٹ کی بالادستی کیلئے چیف جسٹس آزاد کشمیر کے غیر آئینی اقدامات کے خلاف احتجاج اور علامتی دھرنے کا شیڈول جاری کردیا۔
جموں کشمیر پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سردار نوید حیات کے مطابق سولہ مارچ صبح 9 بجے پارٹی صدر رکن قانون ساز اسمبلی سردارحسن ابراہیم خان کی قیادت میں ایک بڑا قافلہ مظفرآباد روانہ ہوگا، اور اسی طرح تمام اضلاع سے آنے والے قافلے گیارہ بجے تک کوہالہ پہنچیں گے۔جہاں سے ایک بڑے جلوس کی شکل میں مظفرآباد روانہ ہوں گے۔
سردار نوید حیات کی جانب سے جاری ایک بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ احتجاج، علامتی دھرنا سپریم کورٹ کے سبزہ زار میں دیاجائے گا، اور جو کہ 2 سے 3 گھنٹے تک جاری رہے گا، جاری کردہ شیڈول میں کسی قسم کا ردوبدل نہیں ہو گا۔
جے کے پی پی کے صدر رکن قانون ساز اسمبلی سردارحسن ابراہیم خان نے واضح طور پر کہا ہے کہ ہمارا احتجاج پر امن ہے، کارکنان کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ مکمل نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس پر امن احتجاج میں اپنی بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں۔
Comments are closed.