اسلام آباد: صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری ظالمانہ کرفیو، لاک ڈاؤن کورونا وائرس کے پھیلنے کی ذمہ دار مودی سرکار ہوگی۔ عالمی برادری مقبوضہ وادی کی صورتحال کا فوری نوٹس لے کر سات ماہ سے جاری جبری پابندیاں ختم کرائیں۔
آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ وادی میں گزشتہ سات ماہ سے جاری لاک ڈاؤن اور کرفیو ختم کیا جائے تاکہ لوگ نئی پیدا ہونے والی ہیلتھ ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کر سکیں۔
صدر آزاد کشمیر نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی وادی کشمیر، جموں اور لداخ ریجن میں کورونا وائرس کے متعدد کیسز سامنے آنے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کو سخت تشویشناک قرار دیا ہے ان کا کہنا ہے کہ مسلسل کرفیو اور لاک ڈاؤن کے باعث مقبوضہ کشمیر کے عوام کو نہ صرف معلومات کے ذرائع تک رسائی نہیں ہے بلکہ اُن کی محدود نقل و حمل کی آزادی اور نا کافی طبی سہولتوں کی موجودگی سے لاکھوں انسانوں کو زندگیوں کو خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے سردار مسعود خان نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ سال پانچ اگست سے جاری فوجی محاصرہ، کرفیو اور لاک ڈاؤن فی الفور ختم کیا جانا ناگزیر ہے اور مقبوضہ ریاست کے اسی لاکھ عوام کو معلومات تک رسائی، طبی سہولتوں کی فراہمی اور صحت کے حوالے سے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری نقل و حمل کی یقینی بنایا جائے۔
صدر آزاد کشمیر نے بین الاقوامی برادری، اقوام متحدہ اور عالمی ادارہ صحت سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں صحت کے حوالے سے تشویشناک صورتحال کا نوٹس لیں اور بھارتی حکومت پر دباؤ ڈالیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں نافذ کرفیو اور لاک ڈاؤن کو ختم کر کے عوام کو صحت کی تمام ضروری سہولتیں مہیا کرے اُنہوں نے خبردار کیا کہ اگر مقبوضہ کشمیر میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوا تو اس کی تمام تر ذمہ داری مودی حکومت پر عائد ہو گی۔
Comments are closed.