اسلام آباد: حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ بھارت کشمیری قوم کو ان کی قیادت سے محروم کر کے تقسیم کرنا چاہتا ہے، لیکن ایک یاسین ملک کو شہید کیا گیا تو کروڑوں یاسین ملک پیدا ہوں گے۔ کشمیریوں پر بہیمانہ مظالم دیکھ کر گونگی اور بہری بنی دنیا آج خود لاک ڈاؤن پر مجبور ہے۔
حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کی جانب سے جاری ویڈیو بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کے شوہر کو تہاڑ جیل کے ڈیتھ سیل میں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، کشمیری قوم کے اتنے بڑے لیڈر اور مرد مجاہد یاسین ملک اس وقت موت کے منہ میں ہیں۔
مشعال ملک نے کہا ہے کہ یاسین ملک کو شفاف ٹرائل کا حق حاصل ہے ناہی انہیں کوئی میڈیکل سہولت حاصل ہے، برسوں پرانے جھوٹے مقدمات میں یکطرفہ ٹرائل کیا جا رہا ہے، عدالت پیشی کیلئے لانے کی بجائے ویڈیو کانفرنس پر ان کے خلاف مقدمات کی سماعت ہو رہی ہے جس میں انہیں بولنے تک کی اجازت نہیں دی جاتی۔
حریت رہنما کی اہلیہ نے بتایا کہ اس تمام تر صورتحال میں یاسین ملک نے اپنی وصیت بھجوا دی ہے، جس میں انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ وہ ظالم مودی سرکار کے سامنے کسی صورت سرنڈر نہیں کریں گے، اس کے ساتھ انہوں نے اپنے اعضاء عطیہ کرنے کا کہہ دیا ہے، اس دلیرلیڈرنے موت کے بعد اپنا جسم بھی کشمیری قوم کیلئے وقف کردیا ہے۔
مشعال ملک کا کہنا ہے کہ بھارت کشمیری رہنماؤں کو ظلم و جبر اور قید میں تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، مودی سرکار کشمیری قوم کو قیادت سے محروم کرنے کا خواب دیکھ رہی ہے لیکن ایک یاسین ملک کو شہید کیا گیا تو کروڑوں یاسین ملک نکلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر ہونے والے مظالم اور کئی مہینوں سے جاری لاک ڈاؤن کی صورتحال پر عالمی برادری کی خاموشی پر مشعال ملک نے سخت تنقید کی اور کہا کہ کشمیر میں مظالم پر خاموش عالمی برادری کی اکثریت لاک ڈاؤن میں چلی گئی ہے،کشمیریوں کے اوپر بہیمانہ مظالم پر دنیا گونگی اور بہری بنی ہوئی ہے۔
حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ نے کہا ہے کہ مختلف ممالک میں کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کی صورت حال عالمی برادری کیلئے سوچنے کا وقت ہے، دنیا کئی مہینوں سے لاک ڈاؤن میں ظلم کا شکار کشمیریوں کاساتھ کیوں نہیں دے رہی، دنیا موجودہ صورتحال میں ہوش کے ناخن لے اور انسانیت کیلئے آواز اٹھائے۔
Comments are closed.