مظفر آباد: آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ کورونا اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک بڑی آزمائش ہے اور ہمیں صبر و تحمل کے ساتھ اس آزمائش پر پورا اترنا ہوگا۔ مشکل کی اس گھڑی میں علماء کرام آگے بڑھ کر لوگوں کی رہنمائی کریں اور قوم کو اس آزمائش پر پورا اترنے کےلیے قرآن اور سنت کی روشنی میں اپنے عمل اور کردار کو ڈھالنے کے لیے تیار کریں۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر ابھی تک اس ناگہانی آفت سے قدرے محفوظ ہے لیکن ہمیں اپنی تیاریاں مکمل رکھنا ہوں گی اور مستقبل میں کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری انتظامات کرنے ہوں گے۔آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے قبل ہی آزاد کشمیر کے خارجی اور داخلی راستوں پر کورونا وائرس سے متاثرہ لوگوں کی سکریننگ، وبا سے متاثر ہونے والے مشتبہ افراد کے لیے قرنطینہ مراکز کا قیام، ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور متعلقہ سٹاف کی موجودگی اور اُن کی تربیت اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے جیسے اقدامات ہنگامی بنیاد پر کیے گئے لیکن یہ ایک مسلسل عمل ہے جو روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا۔
صدرآزاد کشمیر نے افواج پاکستان کی طرف سے کرونا کی وبا سے متاثرہ یامتوقع طور پر متاثر ہونے والے افراد کے علاج معالجہ کے لیے تعینات کی گئی طبی ٹیموں کو تربیت دینے کے عمل کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے افواج پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، آزاد کشمیر کی سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور دوسرے متعلقہ اداروں کی طرف سے بعض فوری نوعیت کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔
اُنہوں نے کہا کہ کرونا سے آزاد کشمیر کی معیشت خاص طور پر غریب اور معاشی لحاظ سے کمزور افراد پر پڑنے والے منفی اثرات سے نمٹنا ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔ ان منفی اثرات کو کم کرنے کے لیے تمام متاثرہ افراد کے اعداد و شمار آنے کے بعد ان کے لیے کسی معاشی پیکج کے حجم اور دیگر تفصیلات کا تعین کیا جاسکتا ہے۔
صدر آزاد کشمیر نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اُن تما م ہدایات پر مکمل طور پر عمل کریں جو ماہرین طب کی طرف سے اُنہیں دی جا رہی ہیں جن میں صفائی، سماجی فاصلہ اور گھر سے باہر غیر ضروری سماجی اور تجارتی سرگرمیاں بھی شامل ہیں۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ اگر خدانخواستہ کرونا کا مرض آنے والے دنوں میں مذید پھیلتا ہے تو ہمیں میڈیکل آلات اور ادویات کی ہنگامی بنیاد پر ضرورت پڑے گی۔
صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ اگرچہ ہم سائنسی بنیاد پر اس وبا کی روک تھام کے لیے تما م ضروری اقدامات کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن ہمیں قرآن اور سنت کی اُن تعلیمات کو بھی سمجھنا ہو گا جو ا زمائش کے حوالے سے ہیں اور جن میں صحت و صفائی کے بنیادی اُصول بیان کیے گئے ہیں۔
مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ اس وقت جبکہ دنیا کی توجہ کرونا وائرس کی وبا پر مرکوز ہے بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کا ایک نیا سلسلہ وسیع پیمانے پر شروع کر دیا ہے۔ بھارتی فوجیوں نے گزشتہ اکیس دنوں میں مقبوضہ کشمیر کے طول عر ض میں محاصروں اور گھر گھر تلاشیوں کے دوران کشمیریوں کو قتل و حراساں کرنے کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس دوران دو سو چھپن کاروائیوں میں دو خواتین سمیت باسٹھ کشمیریوں کو گرفتار کیا گیا اور حریت رہنماؤں، کارکنوں اور کمسن نوجوانوں کو گرفتار کر کے بھارت کی مختلف جیلوں میں بند کر دیا گیا۔ اُنہوں نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت کی ظالمانہ کاروائیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا فوری نوٹس لے۔
Comments are closed.