اسلام آباد: وزیراعظم راجا فاروق حیدر نے آج رات 12 بجے سے آزادجموں و کشمیر میں 3 ہفتوں کے لیے مکمل لاک ڈاون کا اعلان کر دیا۔
وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کا کہنا ہے کہ ریاست میں لاک ڈاؤن کے دوران عوام کے غیرضروری سفر کرنے اور باہر نکلنے پر مکمل پابندی اور ہر قسم کی ٹرانسپورٹ معطل رہے گی۔ تاہم ناگزیر حالات میں سفر کرنے کے لیے خصوصی پاسز جاری کیے جائیں گے۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے راجا فاروق حیدر خان نے کہا کہ کھانے پینے کا سامان لانے کے لیے گھر کے ایک فرد کو باہر جانے کی اجازت ہو گی، انہوں نے اپیل کی کہ عوام گھروں سے باہر نا نکلیں اور اگر انتہائی ناگزیر حالات ہوں تو شناختی کارڈ ساتھ رکھیں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر کے مطابق صرف محکمہ صحت، پولیس، انتظامیہ کے عملے کو نقل و حرکت اور اشیاء خوردونوش کا سامان لے جانے کی اجازت ہوگی، صحافی حضرات کو بھی خصوصی پاسز جاری کیے جائیں گے ایمرجنسی سروسز جاری رہیں گی۔
راجا فاروق حیدر خان کا کہنا ہے کہ عوام کی حفاظت کے لیے یہ اقدامات اٹھاے گئے ہیں یہ کرفیو نہیں ہے بلکہ حفاظتی انتظامات ہیں، عالمی وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے عوام حکومت اور متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔
Comments are closed.