مزید 4 کشمیری کورونا کاشکار: گرفتار حریت قیادت کی رہائی کا مطالبہ زور پکڑنے لگا

سری نگر: مقبوضہ جموں و کشمیر تیزی سے پھیلتے کورونا وائرس کے پیش نظر سیاسی جماعتوں، وکلاء وتاجر برادری اورسول سوسائٹی نے گرفتار حریت قائدین اور کارکنان کو فی الفور رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں کشمیر مسلم لیگ کے قائم مقام چیئرمین فاروق احمد توحیدی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گرفتار کشمیری رہنماؤں اور کارکنوں کے اہلخانہ دنیا بھر میں کورونا کی تباہ کاریوں کو دیکھتے ہوئے سخت پریشان ہیں۔ بھارت سمیت کئی ممالک نے انسانی بنیادوں پر جیلوں سے ہزاروں قیدیوں کو رہا کیا۔

فاروق احمد توحیدی نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں کشمیری حریت قائدین یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، آسیہ اندرابی، مسرت عالم بٹ، نعیم احمد خان ، الطاف احمد شاہ، ایاز محمد اکبر، فاروق احمد ڈار، ظفر اکبر بٹ سمیت دیگر قائدین کو فی الفور رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔

جموں کشمیر ہائی کور بار ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی نے بھی جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ یہ صورتحال کورونا وباء کے تیزی سے پھیلاؤ کا سبب بن سکتی ہے۔ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ گرفتار کشمیری قائدین کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعان کے صوبائی صدر ایڈووکیٹ آغا سید منتظر مہدی اور جموں و کشمیر سوشل یوتھ فورم کے چیئرمین عمر عادلی ڈار نے بھی مقبوضہ کشمیر میں گرفتار حریت قائدین کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ جمعہ کے روز بھی سری نگر میں کورونا وائرس کے مزید چار افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔ جس کے بعد مقبوضہ کشمیر میں عالمی وباء سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 31 تک پہنچ چکی ہے۔

Comments are closed.