’’عالمی ادارہ صحت مقبوضہ کشمیر میں پھیلتے کورونا کی روک تھام کیلئے اقدامات کرے‘‘

اسلام آباد: جموں کشمیر سالویشن موومنٹ کے صدر اور ممتاز حریت پسند کشمیری رہنما الطاف احمد بٹ نے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں کوروناوائرس سے بچاؤ کے لئے عالمی ادارہ صحت اور دیگر عالمی این جی اوز کو حفاظتی اقدامات کرنے کی اجازت دی جائے۔

سری نگر سے تعلق رکھنے والے حریت رہنما الطاف احمد بٹ نے کہا کہ اس وقت مقبوضہ کشمیرسے آمدہ اطلاعات کے مطابق وہاں پر کورونا کی تشخیص کیلئے ٹیسٹ کی سہولیات تک نہیں جب کہ لاکھوں کی تعداد میں بھارتی افواج کی موجودگی میں ایسا ممکن ہوتا دکھائی نہیں دے رہا۔ وبا سے بچاؤ کے لئے ایسے اقدامات کئے جائے جن سے وادی کے عوام اور بالخصوص جیلوں میں بند قیدیوں کو بچایا جا سکے۔

الطاف بٹ کا کہنا ہے کہ کورونا کیخلاف ساری دنیا میں اقدامات اٹھائے جارہے ہیں لیکن مقبوضہ کشمیر میں ایک بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سےکوئی ہیلتھ کئیر اور ڈاکٹرز کی ٹیم نہیں بھیجی گئی، 5 اگست کے آرٹیکل 370 اور 35 اے کے خاتمہ کے بعد سے اب تک مقبوضہ کشمیر کی معاشی ،سماجی و معاشرتی صورتحال انتہائی دگرگوں ہے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے سینئر حریت رہنما نے کہا کہ مقبوضہ وادی کے شہری اس وقت معاشی صورتحال اور اب کورونا کے باعث شدید ذہنی دباو اور جسمانی تکالیف کا شکار ہیں، لاکھوں کشمیریوں کی زندگیاں داو پہ لگی ہوئی ہیں، کرونا وائرس کے پھیلنے کی رفتار انتہائی تشویشناک ہے، اگراس پر بروقت قابو نہ پایا گیا تو یہ کشمیریوں کیلئے تباہ کن ھوگا۔اٹلی،سپین اور فرانس کی مثال ہمارے سامنے موجود ہے جہاں پہ اس وائرس کو سنجیدہ نہیں لیا گیا اور آج وہاں ہزاروں لوگ موت کے گھاٹ اتر چکے ہیں۔

الطاف بٹ نے کہا کہ اگر ترقی یافتہ ممالک اس پہ قابو نہیں پا سکے تو مقبوضہ کشمیر کے ہسپتالوں کی حالت زار کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، ماہرین کے نزدیک یہ وائرس ٹھنڈے ممالک میں تیزی سے پھیلتا ہے اس لحاظ سے مقبوضہ کشمیر میں اس کو روکنا وہاں کے لوگوں کیلئے بڑا چیلینج ہوگا، جبکہ دوسری طرف بھارتی سرکار نے اس علاقے کو اپنے اہداف سے دور رکھا ہوا ہے جس سے اس بات کا خدشہ ہے کہ وہاں یہ کرونا تباہی نہ پھیلا دے۔

الطاف احمد بٹ  نے مطالبہ کیا کہ عالمی ادارہ صحت،اقوام عالم اور انٹرنیشنل این جی اوز آگے بڑھیں اور کشمیریوں کو کورونا وائرس سے بچائیں، انہوں نے کہا کہ جیلوں میں ناکافی سہولیات کے باعث قیدی وائرس کا آسان شکار بن سکتے ہیں، لہذا حریت لیڈرشپ ڈاکٹر حمید فیاض،ظفر اکبر بٹ، یاسین ملک، آسیہ اندرابی، شبیر احمد شاہ،مسرت عالم بٹ،شاھدالسلام،ڈاکٹر فاختو، خان سو پوری اور تمام دیگر کشمیری مزاحمت پسند کارکنوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے ۔

Comments are closed.