کشمیر میں موجودہ قوانین کا نفاذ مظلوم کشمیریوں کا معاشی قتل عام ہے، سردار عتیق

مظفرآباد: سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے ہندوستان کے حالیہ اقدامات انتہائی تشویش ناک اور قابل مذمت ہیں۔انتہا پسند بے جے پی سرکار کی جانب مقبوضہ وادی میں آبادی کا تناسب بگاڑنے کی  کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتیں۔

آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے سربراہ سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ کسی بھی علاقے کی بنیادی حیثیت میں تبدیلی عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ عالمی برادری ہندوستان کے وحشیانہ اقدامات کا نوٹس لے۔

سردار عتیق احمد خان کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے کشمیر میں موجودہ قوانین کا نفاذ مظلوم کشمیریوں کا معاشی قتل عام ہے۔ کورونا وائرس کی تباہ کاریوں کے باوجود ہندوستان کی قیادت اپنے ناپاک عزائم سے باز نہیں رہی۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے لئے کشمیر کے لاک ڈاون سے سبق سیکھنے کا وقت ہے۔کشمیر میں لاک ڈاون پر انصاف نہ کرنے کی قیمت ساری دنیا کو ادا کرنا پڑ گئی ہے۔اب بھی وقت ہے کہ عالمی دنیا  فوجی، معاشی ، سیاسی ناانصافی، اور ظلم وجبر کا خاتمہ کرے اورمظلوم کشمیری عوام کے ساتھ حق خود ارادیت کے اپنے وعدے پر عمل کرے۔کشمیری عوام تکمیل پاکستان کی اس جنگ کو ہر صورت اپنے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

Comments are closed.