شاہ محمود قریشی کا مقبوضہ کشمیر میں متنازعہ ڈومیسائل قانون پر سلامتی کونسل کو خط

اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں متنازعہ ڈومیسائل قانون پر خط لکھ کر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو توجہ دلائی ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سلامتی کونسل کو 3 صفحات پر مشتمل خط ارسال کیا ہے جس میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ڈومیسائل کے نئے قانون کی طرف توجہ مبذول کرائی گئی ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کا ڈومیسائل قانون بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے، بھارتی عمل سے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل ہونے کا خطرہ ہے، بڑی تعداد میں لوگوں کے کشمیر میں سکونت اختیار کرنے کا خدشہ ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت کے اس عمل سے کشمیریوں میں خوف پیدا ہوگیا ہے، موجودہ عالمی وباء کے حالات میں بھارتی اقدام قابل افسوس ہے، بھارت عالمی برادری کی کورونا وائرس کی طرف توجہ سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہا ہے۔

Comments are closed.