پاک فوج نے مقبوضہ کشمیر میں افراد داخل کرنے کے بھارتی الزامات مسترد کر دیئے

راولپنڈی: پاکستانی مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی میجر جنرل بابرافتخار کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر مقبوضہ کشمیر میں افراد داخلے کرنے، ایل او سی پر اشتعال انگیزی اور خلاف ورزی کا دعویٰ بے بنیاد ہے۔

بھارتی 15ویں کور کے کمانڈر کے برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو پر رد عمل دیتے ہوئے پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ بھارتی 15 کور کے کمانڈر کا بی بی سی کو انٹرویو حقائق کے منافی ہے۔

میجر جنرل بابر افتخار کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پر مقبوضہ کشمیر میں افراد داخل کرنے کا بھارتی الزام درست نہیں۔ بھارتی الزام تراشی مسائل سے عالمی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ مودی حکومت کو کشمیر میں حالات بہتربنانے پر توجہ دینا چاہیے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ بھارت ایک منصوبہ بندی کے تحت دنیا کی توجہ 5 اگست 2019ء کے غیر آئینی فیصلے اور صورتحال سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے، بھارتی لیڈرشپ کو اپنے اندرونی معاملات پر توجہ دینی چاہیے۔ بھارتی قیادت نے کورونا کی صورتحال پرقابر پانے میں غفلت کا مظاہرہ کیا۔

میجر جنرل بابر افتخار نے مزید لکھا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ ملٹری مبصر گروپ کو کسی جگہ بھی جانے کی آزادی دے رکھی ہے، پاکستان نے جنگ بندی کی خلاف وزری کرنے والے مقامات کے دورے کرائے، پاکستان شفافیت کے ساتھ یہ عمل جاری رکھے گا۔

Comments are closed.