اسلام آباد: صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان کا کہنا ہے کہ بھارتی قابض فوج نے کورونا وباء کی آڑ میں مقبوضہ کشمیر کے اندر سرچ آپریشنز اور ظلم و ستم میں اضافہ کر دیا ہے،کشمیری نوجوانوں کو عقوبت خانوں میں شہید کیا جا رہا ہے۔
صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے قدرتی آفات کے باعث پیدا صورتحال سے نمٹنے کے قومی ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا دورہ کیا اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل سے ملاقات کی۔ ممبر آپریشنز این ڈی ایم اے انہیں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے عالمی وباء کی روک تھام کے لئے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل اور غیر یقینی صورتحال میں این ڈی ایم اے نے نہایت مؤثر کردارادا کیا، بروقت اورمؤثر اقدامات کی وجہ سے ملک بھر اور آزاد کشمیر میں وباء کا پھیلاؤ کم رہا۔
انہوں نے آزاد کشمیر کے ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر طبی عملہ کے لئے حفاظتی کٹس کی فراہمی پر صدر پاکستان اور چیئرمین این ڈی ایم اے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لیے ایک مثبت پیغام گیا
سردار مسعود خان کا کہنا تھا کہ بھارتی قابض فوج نے کورونا کی آڑ میں کشمیر میں سرچ آپریشن اور ظلم و ستم بڑھا دیا ہے،کشمیری نوجوانوں کو عقوبت خانوں میں شہید کیا جا رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں عوام کے کورونا سے بچاؤ کے لئے اقدامات نا کافی ہیں۔
اس موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، آزاد کشمیر اور ملک بھر کے تمام ڈاکٹروں اورطبی عملہ کیلئے مزید حفاظتی کٹس بھجوائی جا رہی ہیں،اس کے ساتھ ساتھ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کی تعداد اور روزانہ ٹیسٹنگ کی استعداد میں بتدریج اضافہ کیا جا رہا ہے۔
Comments are closed.