بھارتی فوج کی بربریت، مزید 2 کشمیری نوجوان قتل،7روزمیں شہادتیں 19 ہوگئیں

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی بربریت اور مظالم کا سلسلہ جاری ہے، غاصب بھارتی فورسز نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں مزید دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فورسز نے ضلع شوپیاں کے علاقے ملہورا زین پورہ میں نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں دونوں نوجوانوں کو گولیاں مار کر قتل کیا۔ جس کے بعد گزشتہ چار روز کے دوران شہید کیے جانے والے کشمیری نوجوانوں کی تعداد 10 تک پہنچ گئی ہے۔ جب کہ گزشتہ بدھ سے اب تک 19 معصوم کشمیریوں کو قتل کیا جا چکا ہے۔

کے ایم ایس کے مطابق کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر اہل علاقہ سڑکوں پر نکل آئے اور نسل کشی کے متواتر واقعات کے خلاف شدید احتجاج کیا، جس میں مودی سرکار اور قابض فوج کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ بھارتی فوج نے پرامن مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے طاقت کا بہیمانہ استعمال کیا۔ نہتے مظاہرین پر پیلٹ گنز، آنسو گیس کی کی شیلنگ کی۔

مظاہرین اور بھارتی فورسز کے اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں، کشمیری عوام نے قابض فوج پر پتھراؤ کیا، جب کہ بھارتی فورسز کی جانب سے پیلٹ گنز سے ایک کشمیری نوجوان زخمی ہو گیا، جسے علاج کے لئے ایس ایم ایچ ایس اسپتال سری نگر منتقل کر دیا گیا ہے۔

Comments are closed.