سرینگر: مقبوضہ وادی میں قابض بھارتی فوج کی طرف سے ریاستی دہشتگردی کا سلسلہ جاری ہے، درندہ صفت فورسز نے مزید 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ شہید ہونے والوں میں حزب المجاہدین کے آپریشنل چیف اور حریت پسند لیڈر ریاض نائیکو اور ان کے معاون عادل احمد بھی شامل ہیں۔
مودی سرکار کی ایماء پر ایک ماہ سے مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج سوچے سجھے منصوبے کے تحت معصوم کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہے۔جنت نظیر وادی کشمیر میں ماہ رمضان کے دوران بھی قابض بھارتی فوج کی جنونیت میں کمی واقع نہیں ہوئی، بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی جاری ہے اور مذہبی آزادی پر قدغن لگائی گئی ہے۔
قابض بھارتی فوج نے ضلع پلوامہ میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔ آپریشن کے دوران علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کر کے گھر گھر تلاشی کے دوران چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حزب المجاہدین کے آپریشنل چیف، حریت پسند اور شہید برہان وانی کے جانشین ریاض نائیکو شہید ہو گئے ہیں، جب کہ ان کے ساتھ ان کے معاون عادل احمد بھی شہید ہو گئے ہیں۔ بھارتی فوج نے گزشتہ رات حریت پسند ریاض نیکو کو گھیرے میں لیا تھا۔
دوسری طرف حریت رہنماؤں نے عوام سے مطالبہ کیا ہے کہ نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ کے بعد سڑکوں پر نکل آئیں، کیونکہ قابض بھارتی فوج آپریشن کی آڑ میں کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہے۔کشمیری حریت رہنماؤں محمد اشرف، عمر عادل ڈار، یاسمین راجہ، محمد یوسف نقاش، مسلم لیگ، پیپلز لیگ، طلبہ تنظیمیوں سمیت دیگر جماعتوں نے شہید حریت پسندوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔
Comments are closed.