سری نگر: مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارت نے مظالم کی انتہاء کر دی ہے، بھارتی فوج نے انسانیت سوز کارروائی کے دوران ضلع بڈگام میں نہتے نوجوان کو گولیاں مار کر شہید کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع بڈگام کے علاقے نربل میں غاصب بھارتی فوج نے نوجوان کی گاڑی پر بغیر کسی وارننگ اندھا فائرنگ کر دی، گولیاں نہتے نوجوان کے سینے پر لگیں، جسے سری نگر اسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔
کے ایم ایس کے مطابق اہل علاقہ نے ظالمانہ کارروائی پر مودی سرکار اور قابض فورسز کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور بھارتی فوجیوں کو پتھراو کر کے بھاگنے پر مجبور کر دیا۔ بعد ازاں بھارتی فوج نے انتقامی کارروائی کرتے ہوئے نام نہاد تلاشی و محاصرہ آپریشن کیا۔
قابض فوجیوں نے متعدد علاقوں میں گھر گھر تلاشی کے دوران نہ صرف چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا بلکہ متعدد نوجوانوں کو گرفتار کر کے حراستی مراکز منتقل کر دیا، جہاں شدید نفسیاتی و جسمانی اذیتیں پہنچائی جاتی ہیں۔
خیال رہے کہ بھارتی کالے قوانین کی آڑ میں کشمیریوں پر مظالم کی آواز اقوام متحدہ تک پہنچ چکی ہے، اقوام متحدہ کے اعلی عہدیداروں نے بھارت سے قوانین تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
Comments are closed.