اسلام آباد:سابق وزیر اطلاعات آزاد کشمیر و آزاد امیدوار اسمبلی برائے حلقہ ایل اے21 پونچھ 4 سٹی راولاکوٹ سردار عابد حسین عابد نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو اپنے حقوق کیلئے آئندہ الیکشن میں بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا۔ اب یہ روایت نہیں چلے گی کہ نظریاتی کارکنان کو استحصال کیا جائے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی، پی ایس ایف ، پی وائی او کے نوجوانوں اور سوشل میڈیا ٹیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سردار عابد حسین عابد نے کہا کہ نوجوان کسی بھی ملک و معاشرے کا ایک اثاثہ ہوتے ہیں اور ان کا کردار کسی بھی تحریک میں ایک تاریخی حیثیت رکھتا ہے۔ سیاستدانوں نے ہمیشہ سے نوجوانوں کے بل بوتے پر ہی کامیابی کی منازل طے کیں لیکن پھر انہی نوجوانوں کے کردار کو نظر انداز کر دیاجاتاہے۔
سردار عابدحسین عابد نے کہا کہ انہوں نے راولاکوٹ میں نظریاتی کارکنان کے استحصال کے خلاف تحریک کی بنیاد ڈالی ہے اور جدوجہد ہر سیاسی کارکن کی عزت نفس اور اس کے حق کی ہے ، مجھے پورا یقین ہے کہ نوجوان بلا تخصیص میری اس جدوجہد میں ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرا ماضی گواہ ہے کہ چالیس سال قبل جس نظریے اور پرچم کے تلے اپنی سیاسی جدوجہد کا آغاز کیا آج بھی اسی نظریے پر چلتے ہوئے میدان عمل میں ہوں۔ اقتدار کی لالچ کے لئے پارٹیاں تبدیل کیں اور نہ ہی کسی عہدے کیلئے کسی اور پرچم تلے جدوجہد کا سوچا۔ سردار عابد حسین عابدنے کہاکہ آمدہ انتخابات میں نوجوانوں کو سامنے آنا ہوگا اور نظریات کو پروان چڑھانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔
نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے سردار عابد حسین عابد پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ روایتی اور پیشہ ور سیاستدانوں کو اب انجام کو پہنچائیں گے ،کسی سرمایہ دار کے ہاتھوں راولاکوٹ میں پیپلزپارٹی کے ہاتھوں جیالوں کا ا ستحصال نہیں ہونے دوں گا۔نوجوانوں نے اس عزم کا ا ظہا رکیاکہ سردار عابد حسین عابد کو راولاکوٹ کے حلقے سے کامیاب کروانے کے لیے دن رات ا یک کردیں گے۔
اجلاس سے سٹی صدر پاکستان پیپلزپارٹی سردار آبشار کفائیت، تحصیل جنرل سیکرٹری سردارآصف اعظم، ضلعی صدر خواتین ونگ نوشین کنول ایڈووکیٹ، سردار عاقی خان ، رئیس سرور و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
Comments are closed.