راولاکوٹ :سابق وزیر اطلاعات آزاد کشمیر ، آزاد امیدوار قانون ساز اسمبلی حلقہ ایل اے21 پونچھ 4 سردار عابد حسین عابد نے کہا ہے کہ نظریاتی سیاست اور عوامی خواہشات کو نظر انداز کرنے پر اپنے حلقے کے عوام کے حق کے لیے انتخابی میدان میں آیا ہوں اورعوام کی تائید و حمایت سے ہی بھرپور اکثریت سے اسمبلی میں جاوں گا۔ چند دنوں کی انتخابی مہم کے دوران ہی اپنے حلقے کے عوام کی والہانہ محبت دیکھ کرمجھے یقین ہو گیا ہے کہ وہ باہر سے آکر راولاکوٹ کو فتح کرنے کی خواہش رکھنے والے کسی بھی طالع آزما کا غرور و تکبر خاک میں ملا دیں گے اور اپنی اولادکی خاطر نظریاتی سیاست کو ختم کرنے کی کوشش کرنے والوں کومنہ کی کھانی پڑی گی ۔
سابق وزیر اطلاعات نے کہاکہ حلقے کے نوجوانوں سے کہتا ہوں کہ اگر آج آپ نے نظریات کا ساتھ نہ دیا تو آنے والے وقت میں طلباء سیاست کے بجائے نوجوان صرف سرمایہ حاصل کرنے کی دوڑ میں لگ جائیں گے اور اس کی بنیاد پر سیاست کو خرید نے کوشش کریں گے جو بڑا المیہ ہو گیا، سیاسی جماعتوں کے نظریاتی کارکنا ن بلا تخصیص میرا ساتھ دے کر اس سازش کے آگے ہمیشہ کے لیے بند باندھیں۔
سردار عابد حسین عابد نے ان خیالات کا اظہار چک شہر میں اپنے انتخابی دفتر کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ چک میرا گاﺅں ہے جس کی محبت کبھی بھی نہیں بھلا سکتا ،میرے انتخابات میں حصہ لینے کے فیصلے میں کلیدی کردار میرے گاﺅں کے بزرگوں، نوجوانوں اور میری ماوں ،بہنوں کا ہے ۔ اپنے گاوں کے کیساتھ حلقے کی عوام ، تمام نظریاتی کارکنوں ، دوستوں اور ہمدردوں کو یقین دلاتا ہوں کہ زندگی کی آخری سانس تک ان کے حقو ق کے لیے لڑتا رہوں گا، عوام میرا ساتھ دیں تاکہ اسمبلی میں پہنچ کر ان کے مسائل کے حل کیساتھ راولاکوٹ میں ترقی کے نئے دور کا آغاز کر سکوں۔
عابد حسین عابد نے کہاکہ انہوں نے جہاں ساری زندگی راولاکوٹ کےحقوق کے لیے جدوجہد کی وہیں اپنے گاوں کی خدمت میں بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی، اپنے لوگوں کو صحت اور تعلیم کی بہترین سہولیات گھر کے قریب مہیا کرنے کے لیے دن رات کوشش کی اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال چک اور آرمی پبلک اسکول کی صورت میں دوبڑے منصوبے صرف و صرف ذاتی کاوشوں سے لیکر آیا جس میں کسی دوسرے شخص کا ایک فیصد کردار نہیں۔
اس موقع پر سٹی صدر پاکستان پیپلزپارٹی سردار آبشار کفائیت، جنرل سیکرٹری سردار اجمل ، تحصیل جنرل سیکرٹری آصف اعظم ، معروف سیاسی و سماجی رہنما سردار افضل خان ، پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سردار ریاض خان اور کارکنان بھی موجود تھے ۔
Comments are closed.